تاثیر،۲۶ نومبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
کانپور، 26 نومبر: کانپور ضلع کے بٹور تھانہ علاقے میں واقع راما یونیورسٹی کیمپس میں بنے ہاسٹل کے بیس منٹ میں اتوار کی صبح ایم بی بی ایس کے دوسرے برس کے طالب علم کی لاش لہولہان حالت میں ملی۔ پولس کمشنر ڈاکٹر آر کے سورنکار ساتھی افسران کے ساتھ موقع پر پہنچے اور جائے وقوعہ کا معائنہ کیا۔ فارنسک ٹیم نے بھی جائے وقوعہ کا معائنہ کیا۔
جوائنٹ پولیس کمشنر آنند پرکاش تیواری نے بتایا کہ متھرا کا رہنے والا ساحل سارسوت (24) راما یونیورسٹی کیمپس میں ایم بی بی ایس کے دوسرے برس کا طالب علم تھا۔ وہ اولڈ بوائز ہاسٹل کے کمرہ نمبر 127 میں رہتا تھا۔ اتوار کی صبح جب وہاں کام کرنے والا سیکورٹی اہلکار یونیورسٹی کیمپس میں واقع ہاسٹل کے گراؤنڈ فلور پر پہنچا تو ساحل سارسوات کی لاش زمین پر پڑی ہوئی تھی۔ اس کے جسم سے خون نکل رہا تھا۔ یہ دیکھتے ہی اس نے کالج انتظامیہ اور پولیس کو اطلاع دی۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر تفتیش شروع کر دی۔ واقعے کی تحقیقات کے لیے فارنسک ٹیم بھی موقع پر پہنچ گئی۔
پولیس کمشنر کانپور آر کے سورنکار موقع پر پہنچ گئے۔ ان کے ساتھ جوائنٹ پولیس کمشنر آنند پرکاش تیواری اور کرائم برانچ کی ٹیم موجود تھی۔ پولیس متوفی طالب علم کے روم پارٹنر سے بھی پوچھ گچھ کر رہی ہے۔ لواحقین کو واقعہ کی اطلاع دے دی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق اس کے جسم پر زخموں کے نشانات پائے گئے ہیں۔ ابتدائی طور پر لگتا ہے کہ شدید زخمی ہونے سے اس کی موت ہوئی۔ کیس کی تفتیش ابھی جاری ہے۔ اہل خانہ نے شکایت درج کروائی تو مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔ طالب علم ساحل کی موت کی واضح وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی معلوم ہو سکے گی۔