بی ایس ایف نے بنگلہ دیشی شہری کو بارڈر گارڈ بنگلہ دیش کے حوالے کر دیا

شیلانگ، 02 جنوری : بی ایس ایف نے ایک بنگلہ دیشی شہری کو بارڈر گارڈ بنگلہ دیش (بی جی بی) کے حوالے کر دیا۔ بنگلہ دیشی شہری انجانے میں بین الاقوامی سرحد عبور کر کے بھارتی حدود میں داخل ہو گیا تھا۔
میگھالیہ میں تعینات بی ایس ایف نے بتایا کہ بنگلہ دیشی شہری 10 جون کو جنوبی گارو پہاڑیوں کے علاقے میں داخل ہوا تھا۔حوالگی کے بعد، بی ایس ایف میگھالیہ کے سرکاری میڈیا ہینڈل نے ٹویٹر پر کہا کہ جذبہ خیر سگالی کے طور پر 43 ویں بٹالین بی ایس ایف میگھالیہ نے ایک ذہنی طور پر بیمار بنگلہ دیشی شہری کو بارڈر گارڈ بنگلہ دیش کے حوالے کیا جو غیر دانستہ طور پر بین الاقوامی سرحد پار کر کے جنوبی گارو پہاڑیوں کے علاقے میں داخل ہوگیا تھا۔
اس سے قبل 13 مئی کو میگھالیہ کی بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) نے دو دیگر بنگلہ دیشی شہریوں کو پکڑا تھا جو غیر قانونی طور پر بین الاقوامی سرحد سے ہندوستان میں داخل ہوئے تھے۔ بی ایس ایف نے کہا کہ دونوں ڈکیتی کی نیت سے ملک آئے تھے۔
بی جی بی، ایک نیم فوجی دستہ ہے، جسے بنگلہ دیش کی سرحدوں کی حفاظت کا کام سونپا گیا ہے، جو بھارت اور میانمار کے ساتھ 4,427 کلومیٹر تک پھیلی ہوئی ہے۔ پہلے اسے بنگلہ دیش رائفلز (بی ڈی آر) کے نام سے جانا جاتا تھا۔ بی جی بی بنگلہ دیش کی بین الاقوامی سرحدوں کی سالمیت کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
اسی طرح بی ایس ایف ہندوستان کی سرحدوں کی حفاظت کرنے والا دستہ ہے، جو پاکستان اور بنگلہ دیش کے ساتھ اپنی سرحدوں کی حفاظت کا ذمہ دار ہے۔
بی ایس ایف اور بی جی بی کے درمیان بنگلہ دیشی شہریوں کا پرامن تبادلہ اس طرح کے سرحدی واقعات سے نمٹنے کے لیے دونوں افواج کے درمیان قائم پروٹوکول اور مفاہمت کی عکاسی کرتا ہے۔