ڈبل ڈیکر اوور برج کا اسپین دھنسا، بڑا حادثہ ٹلا

تاثیر،۳ جنوری۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

چھپرہ(نقیب احمد)

شہر میں زیر تعمیر بہار کے پہلے ڈبل ڈیکر فلائی اوور کا اسپین گرنے سے ایک بڑا حادثہ ہونے سے ٹل گیا۔تلپا کے پایا نمبر 40-41 کے درمیان اسپین کی شنٹرنگ ڈھسنے سے سنٹرنگ میں لگی لکڑی کی بلیاں اور گارے کا ملبہ اچانک گر پڑا۔ملبہ گرنے کی زوردار آواز سے قرب و جوار کے لوگوں میں افراتفری مچ گئی اور خوف کا عالم تاری ہو گیا۔جس وقت سنٹرنگ گرا اس وقت پل کے اوپر مزدور کام بھی کر رہے تھے۔خوش قسمتی سے کوئی ناخوشگوار واقعہ نہیں ہوا۔لوگوں نے بتایا کہ کل رات ہی اسپین کی ڈھلائی کی گئی تھی۔سنٹرنگ کی لکڑی کے بلوں کو جس بیم سے سہارا دیا گیا تھا وہی نیچے آیا۔جس کی وجہ سے واقعہ پیش آیا۔حادثے پر مقامی لوگوں میں دہشت اور غصہ کا ماحول ہے۔لوگوں نے الزام لگایا کہ واقعہ کے بعد مزدور جہاں بھاگ گئے وہیں پل تعمیر ایجنسی کا کوئی ذمہ دار افسر یا مقامی انتظامیہ کا کوئی افسر وہاں نہیں پہنچا۔لوگوں کا کہنا ہے کہ جس پل کے تعمیر کا ذکر صوبائی سطح پر کیا جا رہا۔اس کی تعمیر میں کوئی حفاظتی انتظامات یا اقدامات نہیں کئے جا رہے ہیں۔نیچے سڑک چالو ہے۔جس پر آمد و رفت ہوتی رہتی ہے۔اوپر کام جاری رہتا ہے۔کام کی جگہ پر ڈائیورزن نہیں بنایا جاتا۔پل شہر کے درمیان میں تعمیر ہو رہا ہے۔جو کافی گنجان علاقہ ہے۔آس پاس کے باشندگان اور راہگیروں کو خطرہ لاحق ہے۔نیچے کوئی جالی اور رکاوٹ کا بھی نظم نہیں کیا جاتا۔آئے دن ملبہ یا لوہے کے راڈ اور لکڑی وغیرہ نیچے گرتے رہتے ہیں۔مگر مانیٹرنگ کرنے والی ایجنسی،مقامی انتظامیہ اور پل تعمیر ایجنسی سردمہری کا رویہ اپناتے ہوئے کافی لاپرواہی سے کام کر رہے ہیں۔