پھر بدلے گا موسم، اگلے چار دنوں تک ریاست میں اولے اور بارش کا امکان

تاثیر،۱۶مارچ ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

بھوپال، 16 مارچ : مدھیہ پردیش کے موسم میں ایک بار پھر تبدیلی آنے والی ہے۔ ریاست میں اگلے 4 دن یعنی 19 مارچ تک ڑالہ باری اور بارش جاری رہے گی۔ مارچ میں ہفتہ سے موسم تیسری بار بدلے گا۔ منڈلا، ڈنڈوری، چھندواڑہ اور پانڈھرنا اضلاع میں بارش کے ساتھ ڑالہ باری بھی ہوسکتی ہے، جب کہ 40 تا 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آندھی چلنے کی بھی پیشین گوئی کی گئی ہے۔ ایسا بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے آنے والی نمی کی وجہ سے ہوگا۔ موسم کی اس تبدیلی سے جبل پور سمیت مشرقی حصے کے 26 اضلاع متاثر ہوں گے۔
سینئر ماہر موسمیات ڈاکٹر وید پرکاش سنگھ کا کہنا ہے کہ اس وقت ٹرف لائن شمالی اڈیشہ کے اوپر سے چھتیس گڑھ ہوتے ہوئے ودربھ تک گزر رہی ہے۔ جس کی وجہ سے جنوب مغربی ہوائیں بحیرہ عرب سے نمی لا رہی ہیں۔ جنوب مشرقی ہوائیں بھی خلیج بنگال سے مدھیہ پردیش کے مشرقی حصے میں نمی لا رہی ہیں۔ اس کی وجہ سے بارش، ڑالہ باری اور تیز آندھی چل سکتی ہے۔ جبل پور ڈویڑن کے تمام اضلاع میں ڑالہ باری اور بارش ہوگی۔ مشرقی علاقوں میں موسم بدستور تبدیل رہے گا۔
نئے نظام کی سرگرمی کا جبل پور، ریوا اور شہڈول ڈویڑنوں میں زیادہ اثر پڑے گا، جبکہ بھوپال، اندور، گوالیار-اجین ڈویڑنوں میں ہلکے بادل چھائے رہ سکتے ہیں۔ نرمداپورم ڈویڑن میں بھی موسم بدلا رہے گا۔ نظام سے پہلے ریاست میں جمعہ کو گرمی کا اثر برقرار رہا۔ موسم کی یہ تبدیلی متاثرہ اضلاع میں درجہ حرارت میں اضافے کو روک سکتی ہے۔