تاثیر،۱۲مارچ ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
ٹھاکرگنج (محمد شاداب غیور)
ٹھاکر گنج بلاک کے پواخالی میں پیر 11 مارچ 2024 کو ہیومن ڈویلپمنٹ اینڈ ایجوکیشن ٹرسٹ کی جانب سے ایک روزہ سالانہ کریکٹ ٹورنامنٹ بحسن وخوبی اختتام پذیر ہوا اور تقسیم انعامات کے لئے پروگرام کا بھی انعقاد کیا گیا۔ تقسیم انعامات کے دوران ٹرسٹ کی جانب سے کلام انٹرنیشنل اسکول کے پرنسپل محبوب عالم نے تعلیم اور کھیل کود کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم وقت کی ضرورت ہے اور افسوس کہ اس علاقے کے لوگ اس سے غافل ہیں، اسی سلسلے میں انہوں نے ادارہ کی شکل میں ایک مثبت قدم اٹھایا ہے۔ پرنسپل صاحب نے کہا کہ صحت ہزار نعمت ہے اور اس کے لئے کھیل ضروری ہے، ایک صحت مند جسم کے اندر ہی صحت مند دماغ ہوتا ہے، اسی اہمیت کے پیش نظر ٹرسٹ کی جانب سے کھیل کود کا اہتمام کیا گیا۔ واضح رہے کہ آج کھیل صبح 8 بجے شروع ہو کر شام 5 بجے ختم ہوا۔ جسمیں جمشید نگر پیک پاڑا، کیلا باڑی، پواخالی، بیل باڑی، ڈوہا باڑی، بالو باڑی، رسیا اور چھتر کٹھارو کے آٹھ ٹیموں نے حصہ لیا , فائنل میں دو ٹیمیں پہونچیں۔ جس میں جیتنے والی ٹیم کو اجتماعی طور پر ٹرسٹ کی جانب سے نقد رقم، ٹرافی اور ہر کھلاڑی کو ایک ایک سرٹیفیکیٹ اور میڈل سے نوازا گیا۔ اور دوسرے پوزیشن لانے والی ٹیم کو بھی اجتماعی طور پر نقد رقم، ٹرافی اور ہر کھلاڑی کو ایک ایک میڈل سے نوازا گیا۔ کھیل اور تقسیم انعامات کے دوران علاقے کی کئی معزز شخصیات موجود تھیں۔