پرگیانانند نے عالمی نمبر ایک کھلاڑی کارلسن کو شکست دے کر تیسری پوزیشن برقرار رکھی

تاثیر،۱۲       مئی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی ،12مئی :ہندوستان کے نوجوان گرینڈ ماسٹر آر پرگیانانند نے ایک بار پھر سپر بیٹ ریپڈ اینڈ بلٹز شطرنج ٹورنامنٹ میں عالمی نمبر ایک ناروے کے میگنس کارلسن کو شکست دے کر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ جیت کے باوجود پرگیانانند تیسرے نمبر پر برقرار ہیں جبکہ چین کے وی یی نے 2.5 پوائنٹس کی مضبوط برتری حاصل کر لی ہے۔ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب پرگیانانند نے کارلسن پر جیت درج کی ہو۔ وہ اس سے قبل بھی کئی مواقع پر عالمی نمبر ایک کھلاڑی کو حیران کر چکے ہیں۔
ورلڈ چمپئن شپ کے چیلنجر ڈی گوکیش، جنہوں نے حال ہی میں امیدواروں کا ٹورنامنٹ جیت کر تاریخ رقم کی ہے، تشویش کا باعث ہے کیونکہ وہ یو ایس ڈی 1,75,000 انعامی رقم والے ٹورنامنٹ میں 9.5 پوائنٹس کے ساتھ آخری نمبر پر ہیں۔ ہندوستان کے ارجن ایریگیسی 14 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں، جبکہ پولینڈ کے ڈوڈا جان کرزیزٹوف 13 پوائنٹس کے ساتھ ان سے بالکل پیچھے ہیں۔ ازبکستان کے نودیربیک عبدالستوروف 12.5 کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہیں جو جرمنی کے ونسنٹ کیمر سے ایک پوائنٹ کی برتری پر ہیں ۔ رومانیہ کے کرل شیوچینکو، جو مقابلے کے آغاز میں سرفہرست تھے، 11 پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں نمبر پر ہیں۔ ہالینڈ کے انیش گروہ 10.5 پوائنٹس کے ساتھ نویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔