بہار کو مرکزی حکومت نے دیا بڑا تحفہ،دو ایکسپریس وے کی تعمیر کی راہ ہموار

تاثیر۱۲      جون ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

پٹنہ، 12 جون:طویل عرصے سے بہار کے دو ایکسپریس وے معاملہ زیر التوا تھا ، لیکن نریندر مودی کی قیادت میں تیسری بار این ڈی اے کی حکومت بننے کے ساتھ ہی بہار میں دو ایکسپریس وے بننے کا راستہ صاف ہو گیا ہے۔ مرکزی حکومت نے دونوں ایکسپریس وے کے بارے میں ڈی پی آر مانگی ہے۔نائب وزیر اعلیٰ وجے کمار سنہا نے دونوں ایکسپریس وے کے بارے میں جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ ہائی اسپیڈ کوریڈور کی تعمیر سے بہار کے کئی اضلاع میں ترقی کی رفتار تیز ہوگی اور بہار ملک کی ترقی میں مددگار ثابت ہوگا۔ نائب وزیر اعلیٰ اور محکمہ سڑک تعمیرات کے وزیر وجے کمار سنہا نے بتایا کہ مرکزی سڑک اور ٹرانسپورٹ ہائی وے وزارت نے گورکھپور-کشن گنج-سلی گوری اور رکسول-ہلدیہ ایکسپریس وے کی ڈی پی آر بغیر کسی تاخیر کے تیار کرنے کو کہا ہے۔
مرکزی وزارت نے ایک ہدف مقرر کیا ہے کہ دونوں ایکسپریس وے کے 100-100 کلومیٹر حصوں پر کام اس مالی سال میں شروع کیا جائے گا۔ بھارت مالا پروجیکٹ کے تحت دونوں ایکسپریس وے کا ڈی پی آر تیار کیا جا رہا تھا لیکن یہ گذشتہ کئی مہینوں سے زیر التوا تھا۔ اب مرکزی حکومت نے 2047 میں ترقی یافتہ ہندوستان کے وڑن کا ہدف مقرر کیا ہے، جس کے تحت اس نے بھارت مالا پروجیکٹ 2 کے تحت 5077 کلومیٹر ایکسپریس وے کو منظوری دی ہے ، جس میں بہار کے دونوں ایکسپریس وے کو شامل کیا گیا ہے۔ رکسول سے ہلدیہ تک شروع ہونے والی ایکسپریس وے کی لمبائی 719 کلومیٹر ہوگی۔ ایکسپریس وے بہار کے علاوہ جھارکھنڈ اور مغربی بنگال سے بھی جڑے گا۔ جبکہ گورکھپور-کشن گنج-سلی گوری ایکسپریس وے کی لمبائی 521 کلومیٹر ہے۔ اتر پردیش سے شروع ہونے والا یہ ایکسپریس وے بہار کے راستے مغربی بنگال پہنچے گا۔ اس ایکسپریس وے کو گورکھپور-پانی پت ایکسپریس سے بھی جوڑا جائے گا۔ ایسے میں گورکھپور کے راستے کشن گنج اور سلی گوڑی سے براہ راست رابطہ قائم ہوگا۔
بہار کے نائب وزیر اعلیٰ وجے کمار سنہا نے بتایا ہے کہ تقریباً 367 کلومیٹر کا رکسول ہلدیہ ہائی اسپیڈ کوریڈور اور تقریباً 416 کلومیٹر گورکھپور-کشن گنج ہائی اسپیڈ کوریڈور تعمیر کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ وارانسی-کولکاتہ-ایکسپریس وے کی 170 کلومیٹر سڑک پر پہلے ہی کام چل رہا ہے۔ وجے کمار سنگھ کے مطابق بھارت مالا -2 کے تحت، تقریباً 5241 کروڑ روپے کی لاگت سے کل 5 پیکجوں میں NH-319B وارانسی-کولکتہ ایکسپریس وے کی 170 کلومیٹر لمبائی میں 136 کلومیٹر سڑکوں کی تعمیر سے متعلق ٹینڈرز جاری کیے گئے ہیں۔ ان پیکج پر کام بھی جلد شروع ہو جائے گا۔ نائب وزیر اعلیٰ وجے کمار سنگھ نے کہا کہ رکسول-ہلدیہ ہائی سپیڈ کوریڈور بہار کے مشرقی چمپارن ، شیوہر ، سیتامڑھی ، مظفر پور ، بیگوسرائے ، لکھی سرائے ، جموئی اور بانکا اضلاع سے گزرے گا۔