تحریک پیام انسانیت ٹنگرا کے ممبران نے این آر ایس ہسپتال کا دورہ کیا، اور مریضوں کی عیادت کی

تاثیر۲۹      جون ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

کولکاتا، ٢٩/ جون (عبد الرقیب شامی) گزشتہ اتوار کو آل انڈیا تحریک پیام انسانیت فورم ٹنگرا یونٹ کی جانب سے کولکاتا شہر میں واقع این آر ایس ہسپتال کے کینسر ڈپارٹمنٹ کے مریضوں کی عیادت کی، ناشتہ اور کتابچہ بطور ہدیہ دیا گیا۔ اور تنظیم کی جانب سے انہیں تسلی اور دعائیں دی گئیں جسے خود مریض اور ہسپتال کے عملہ نے بہت سراہا، خوشی کا اظہار کیا اور اس کام کو آئندہ بھی جاری رکھنے کا مشورہ دیا ساتھ ہی ہر طرح کے تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔ اس موقع پر تنظیم کا مختصر تعارف کراتے ہوئے مولانا شہادت حسین ندوی نے کہا کہ آج سے تقریباً ۵۰؍ سال قبل حضرت مولانا ابو الحسن علی الحسینی الندوی رحمہ اللہ نے ایک تحریک کا تخیل پیش کیا تھا اور ۱۹۷۴ میں کامیابی کے ساتھ اُس تحریک کا پہلا اجلاسِ عام آلہٰ باد میں منعقد کیا گیا، جس میں مولانا نے محبت کا پیغام دیا، انسانیت کی آواز لگائی، اور مذہبی منافرت کو ختم کر کے انسانیت کا پیغام دیا، اس کے بعد سے مسلسل یہ تحریک پھلتی پھولتی رہی، اور اس تحریک کے ذریعے غیروں کے ذہنوں سے اسلام کے متعلق غلط فہمیوں کو دور کیا جاتا رہا ہے۔