تاثیر۲۲ جون ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
غزہ،22جون:غزہ میں جنگ بندی کے لیے بین الاقوامی کوششیں جاری ہیں تاہم فلسطینی وزارت صحت نے جمعہ کی شام اعلان کیا کہ رفح کے مضافات میں بے گھر لوگوں کے خیموں پر اسرائیلی حملے میں 25 افراد ہلاک اور 50 زخمی ہو گئے ہیں۔ یہ اقدام اس وقت سامنے آیا جب اسرائیلی فوج نے جمعہ کی صبح اعلان کیا تھا کہ اس کی افواج جنوبی غزہ کی پٹی کے شہر رفح میں درست انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائیاں کر رہی ہیں۔ اسرائیل نے وضاحت کی تھی کہ اس کے فوجیوں نے حماس کے ارکان کے زیر استعمال سرنگوں کے قریب لڑائی میں حصہ لیا ہے۔عینی شاہدین نے بتایا کہ ٹینکوں نے مشرق، جنوب اور مرکز پر قبضہ کرنے کے بعد شہر کے مغرب اور شمال کی طرف اپنا راستہ بنایا ہے۔ ا نہوں نے یہ بھی نشاندہی کی ہے کہ اسرائیلی افواج نے طیاروں، ٹینکوں اور بحری جہازوں سے فائرنگ کی ہے۔ اس سے شہر سے نقل مکانی کی ایک نئی لہر پیدا ہوئی۔ رفح میں پہلے دس لاکھ سے زیادہ بے گھر افراد رہائش پذیر تھے۔فلسطینی باشندوں کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایسا لگتا ہے کہ اسرائیلی فوج پٹی کے انتہائی جنوب میں واقع شہر پر اپنا کنٹرول مکمل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ مئی کے اوائل سے رفح اسرائیلی حملے کا مرکز بنا ہوا ہے۔ اسرائیلی فوج نے گذشتہ ہفتے شہر میں امداد لانے کے لیے ایک تکنیکی جنگی وقفے کا اعلان کیا تھا۔ واضح رہے اسرائیل نے 7 مئی کو مصر کے ساتھ رفح بارڈر کراسنگ کے فلسطینی حصے کا کنٹرول سنبھال لیا تھا۔