روہت شرما ٹی۔20 انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ رن بنانے والے کھلاڑی بن گئے

تاثیر۲۵      جون ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

گروس آئیلٹ، 25 جون: ہندوستانی کپتان روہت شرما ٹی – 20انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ انہوں نے اس فارمیٹ میں بطور کپتان سب سے زیادہ جیت کے اپنے پاکستانی ہم منصب بابر اعظم کے ریکارڈ کی برابری بھی کر لی ہے ۔
روہت نے یہ کارنامہ آسٹریلیا کے خلاف جاری آئی سی سی ٹی-20 ورلڈ کپ کے سپر 8 میچ کے دوران انجام دیا۔ روہت نے 41 گیندوں میں 7 چوکوں اور 8 چھکوں کی مدد سے 92 رنز کی طوفانی اننگز کھیلی۔ 157 میچوں میں تجربہ کار اوپنر بلے باز نے 32.03 کی اوسط اور 140.75 کے اسٹرائیک ریٹ سے 4,165 رن بنائے ہیں۔ بابر 123 میچوں میں 41.03 کی اوسط سے 4145 رن بناکر دوسرے نمبر پر کھسک گئے۔ جبکہ کوہلی 123 میچوں میں 48.84 کی اوسط سے 4,103 رن کے ساتھ تیسرے نمبر پر کھسک گئے۔
اس کے علاوہ اس میچ میں آسٹریلیا کو 24 رنوں سے شکست دینے کے بعد روہت نے بطور کپتان اپنی 48 ویں ٹی۔20 انٹرنیشنل جیت حاصل کی۔ بابر نے 85 میچوں میں ٹی ۔20 انٹرنیشنل فارمیٹ میں پاکستانی کپتان کی حیثیت سے 48 فتوحات بھی درج کرائی ہیں۔
میچ کی بات کریں تو اس میچ میں آسٹریلوی کپتان مچل مارش نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بلے بازی کی دعوت دی۔ وراٹ کوہلی (00) کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد روہت شرما (41 گیندوں، 92 رن، 7 چوکے، 8 چھکے) نے طوفانی اننگز کھیلی، انہیں سوریہ کمار یادیو نے (16 گیندوں، 31 رن، 3 چوکے، 2 چھکے) ، شیوم دوبے (22 گیند، 28 رن، 2 چوکے، 1 چھکا) اور ہاردک پانڈیا (17 گیند، 27 رن، 1 چوکا، 2 چھکے) سے اچھا ساتھ ملا اور ہندوستان نے 20 اوورز 5 وکٹوں پر 205 رن کا بڑا اسکور بنایا۔
جواب میں آسٹریلوی ٹیم ڈیوڈ وارنر (6) کی وکٹ جلد گنوا بیٹھی لیکن اس کے بعد ٹریوس ہیڈ (43 گیندوں پر 76 رنز، 9 چوکے، 4 چھکے)، مچل مارش (28 گیندوں، 37 رن، 3 چوکے، 2 چھکے) اور گلین میکسویل (12 گیند، 20 رن، 2 چوکے، 1 چھکا) نے ایک وقت میں ہندوستان کی مشکلات میں اضافہ کر دیاتھا، لیکن کلدیپ یادیو (4 اوور، 24 رن، 2 وکٹ) اور ارشدیپ سنگھ (4 اوور، 37 رنز، 3 وکٹ) نے شاندار گیندبازی کی اور میچ جیت کر بھارت کے حق میں کر دیا۔ جسپریت بمراہ اور اکسر پٹیل نے بھی ایک ایک وکٹ لے کر بھارت کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ آسٹریلوی ٹیم 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 181 رن ہی بنا سکی اور 24 رن سے میچ ہار گئی۔