سماجی فلاح کے کاموں کو پوری سرگرمی کے ساتھ انجام دیں گے،لائنس کلب انٹرنیشنل کے عالمی کنونشن سے ڈاکٹر محمد گوہر نے کیا خطاب

تاثیر۲۳      جون ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

میلبورن، 23 جون (تاثیر بیورو)۔ آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں 21 سے 24 جون تک منعقد لائنس کلب انٹرنیشنل کے عالمی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے روزنامہ تاثیر کے چیف ایڈیٹر لائنس ڈاکٹر محمد گوہر نےکہا کہ آج پوری دنیا کے سامنے ایک بہت بڑاچیلنج ہے کہ کس طرح سماج کے محروم طبقے کی فلاح وبہبود کو عملی جامہ پہنا کر انہیں مین اسٹریم میں شامل کیا جائے۔ لائنس کلب انٹرنیشنل اسی مشن کے تحت کام کررہا ہے اور پوری دنیا میں کلب کے جتنے بھی ممبران ہیں وہ اپنی اپنی سطح سے اپنے اپنے ملک میں لائنس کلب انٹرنیشنل کے مشن کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ ڈاکٹر محمد گوہر نے کنونشن میں شرکت کررہے تمام ممبران کا تہہ دل سے خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایک ایسے نیک کام کے مشن کو پورا کرنے کے لیے میلبورن میں اکٹھا ہوئے ہیں جو کلب کا نصب العین ہے۔ ہم امید کرتے ہیں اس کنونشن میں جو بھی قرار دادیں منظور ہوں گی وہ سماجی فلاح کے کاموں کے لیے کارگر اور مفید ثابت ہوں گی۔ کنونش سے دیگر ممالک کے ممبران نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے مشن کو مزید سرگرمی کے ساتھ آگے بڑھائیں گے۔