مجھے لگتا ہے کہ انٹر میامی میرا آخری کلب ہو گا: لیونل میسی

تاثیر۱۳      جون ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 13 جون: ارجنٹینا کے لیجنڈ فارورڈ لیونل میسی نے کہا کہ میجر لیگ سوکر (ایم ایل ایس) کلب انٹر میامی ممکنہ طور پر ان کے شاندار کیریئر کا آخری کلب بن سکتا ہے۔ریکارڈ آٹھ بار بیلن ڈی اور جیتنے والے میسی اپنے شاندار کیریئر کے اختتام کے قریب ہیں۔ لیکن ریٹائر ہونے سے پہلے ان کے پاس ارجنٹینا کے ساتھ ایک اور کوپا امریکہ خطاب جیتنے کا موقع ہوگا۔ بین الاقوامی اور کلب کی سطح پر آگے بڑھتے رہنے کے ساتھ ہی میسی نے اپنے مستقبل کے بارے میں بات کی اور اعتراف کیا ہے کہ وہ فٹ بال چھوڑنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔
ای ایس پی این ارجنٹینا سے بات کرتے ہوئے میسی نے کہا،’’میں فٹ بال چھوڑنے کے لیے تیار نہیں ہوں، میں نے اپنی پوری زندگی یہی کیا ہے، مجھے ٹریننگ اور گیمز کھیلنے میں مزہ آتا ہے۔ ہمیشہ یہ خوف رہتا ہے کہ سب کچھ ختم ہو جائے گا۔ مجھے لگتا ہے کہ انٹر میامی میرا آخری کلبہو گا۔‘‘
میسی نے ارجنٹائن کے لیے 180 میچ کھیلے ہیں اور بین الاقوامی سرکٹ میں 106 گول کیے ہیں۔ وہ بین الاقوامی سطح پر تیسرے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی ہیں، صرف علی دائی اور کرسٹیانو رونالڈو اسکورنگ چارٹ میں ان سے آگے ہیں۔
انٹر میامی کے لیے، ا نہوں نے ایم ایل ایس میں 18 میچوں میں 13 گول اور 11 اسسٹ کیے ہیں۔ اس سال کے شروع میں، انہوں نے اپنے شاندار کیرئیر میں تیسری بار ایرلنگ ہالینڈ اور کائیلین ایمباپے کو پیچھے چھوڑتے ہوئے فیفا مینز پلیئر 2023 کا خطاب جیتا۔
وہ ایم ایل ایس میں کھیلتے ہوئے یہ ایوارڈ جیتنے والے پہلے کھلاڑی ہیں۔ سرفہرست تین کھلاڑی میسی، ایمباپے اور ہالینڈ نے لندن میں ہونے والی تقریب میں شرکت نہیں کی۔ 36 سالہ 2024 مہم کے اپنے پہلے پری سیزن گیم کے لیے میامی میں رہے۔