مرکزی شہری ہوا بازی کے وزیر نے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے کے ٹرمینل 1 کا معائنہ کیا

تاثیر۲۸      جون ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 28 جون : مرکزی شہری ہوابازی کے وزیر رام موہن نائیڈو کنجراپو آج صبح قومی دارالحکومت دہلی کے پالم میں واقع اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے کے ٹرمینل-1 کا معائنہ کرنے پہنچے۔ اس ٹرمینل پر صبح سویرے ہونے والے حادثے میں ایک شخص اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا اور سات دیگر زخمی ہوگئے۔ یہ حادثہ چھت کے اوپری حصے کے گرنے سے پیش آیا۔
معائنہ کے بعد مرکزی شہری ہوابازی کے وزیر رام موہن نائیڈو کنجراپو نے صحافیوں کو بتایا کہ صورتحال اب قابو میں ہے۔ ٹرمینل کی باقی عمارت کو بند کر دیا گیا ہے۔ ہر چیز کی مکمل چھان بین کی جا رہی ہے تاکہ یہاں مزید کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔ معاوضے کا اعلان بھی کیا جائے گا۔
انہوں نے متاثرین کے تئیں گہری تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ کنجراپو نے اس المناک واقعے میں ہلاک ہونے والے شخص کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چار افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ ان کا خیال رکھا جا رہا ہے۔ ایمرجنسی رسپانس ٹیم، فائر پروٹیکشن ٹیم، سی آئی ایس ایف اور این ڈی آر ایف کی ٹیموں نے بروقت پہنچ کر صورتحال پر قابو پالیا۔