وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے مرکزی وزیر پاٹل سے ملاقات کی، آبپاشی پروجیکٹوں اور پانی کے تحفظ کے پروگراموں پر تبادلہ خیال کیا

تاثیر۲۶      جون ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

بھوپال، 26 جون :وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے بدھ کو مرکزی جل شکتی وزیر سی آر پاٹل اور وزرائے مملکت وی سومنا اور راج بھوشن چودھری سے نئی دہلی میں اپنے دفتر، شرم شکتی بھون میں ملاقات کی۔ اس دوران انہوں نے ریاست سے متعلق آبپاشی پروجیکٹوں اور پانی کے تحفظ کے پروگراموں پر مثبت بات چیت کی۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کین-بیتوا پروجیکٹ اور پربتی-کالی سندھ-چمبل پروجیکٹ کی موجودہ صورتحال کے بارے میں جانکاری دی اور پروجیکٹوں کی عمل آوری سے متعلق مختلف امور پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے اجین میں منعقد ہونے والے سمہاستھا-2028 کے لیے مرکزی حکومت سے خصوصی تعاون کی بھی درخواست کی۔ پرنسپل سکریٹری، وزیر اعلیٰ سنجے شکلا اور مرکزی وزارت کے سینئر افسران موجود تھے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دہلی میں جل شکتی وزیر سی آر پاٹل کے ساتھ میٹنگ کے دوران ریاست کی دو بڑی ندیوں کو جوڑنے کی مہم پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس میں کین-بیتوا لنک پروجیکٹ کے ٹینڈر پر بات چیت ہوئی۔ اس کے ذریعے بندیل کھنڈ کے 10-15 اضلاع کو آبپاشی اور پینے کے پانی کا فائدہ ملے گا۔ یہ ایک ایسا علاقہ ہے جس میں پانی کی شدید ضرورت ہے اور حکومت اس سلسلے میں بہت سنجیدگی سے آگے بڑھی ہے۔ اس کے نتائج بہت جلد سامنے آئیں گے۔