کناٹ پلیس کے ایم بلاک میں واقع عمارت میں لگی آگ

تاثیر۹       جون ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 9 جون : دہلی کے کناٹ پلیس کے ایم بلاک میں واقع ایک عمارت میں اتوار کی دوپہر اچانک آگ لگ گئی۔ معاملے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس کے علاوہ فائر بریگیڈ کی پانچ گاڑیاں موقع پر روانہ کی گئیں۔ خبر لکھے جانے تک فائر فائٹرز آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔ آگ کناٹ پلیس کے آؤٹر سرکل کے ایم بلاک میں واقع مسٹری روم میں لگی جو کہ تھیم پر مبنی ایڈونچر گیمنگ زون ہے۔ آگ لگنے کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکی ہیں۔ فی الحال پولیس آگ لگنے کی وجہ جاننے میں مصروف ہے۔
فائر ڈیپارٹمنٹ کے مطابق اتوار کی سہ پہر 3.21 بجے اطلاع ملی کہ کناٹ پلیس کے ایم بلاک میں واقع ایک عمارت میں آگ لگ گئی ہے۔ اطلاع ملتے ہی ایک ایک کرکے پانچ فائر ٹینڈرز کو موقع پر روانہ کیا گیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ دکان کے اندر ایک شخص کے پھنسے ہونے کی اطلاع ملتے ہی فوری ریسکیو آپریشن کیا گیا اور اس شخص کو بحفاظت نکال لیا گیا۔ تاہم آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں۔
فائر ڈپارٹمنٹ کے مطابق آگ آوٹر سرکل میں واقع مسٹری رومز گیم زون کی پہلی منزل پر لگی ہے۔ عمارت سے آگ کے شعلے نکلنے لگے۔ عمارت میں آگ دیکھ کر بہت سے لوگ یہاں جمع ہو گئے اور ویڈیو بنانا شروع کر دی۔ پولیس نے انہیں بھگا دیا۔ واقعے کے بعد ٹریفک جام ہوگیا۔ جس کے بعد پولیس اہلکاروں نے ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے راستہ ڈائیورٹ کر دیا۔