کنگنا نے کہا، فلموں میں کام کرنا سیاست سے زیادہ آسان ہے

تاثیر۱۳      جون ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

ممبئی 13جون :بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت رکن پارلیمنٹ بن گئیں۔ فلموں کے بعد اپنی سیاسی اننگز کا آغاز کرنے والی کنگنا نے انکشاف کیا کہ انہیں اس سے قبل بھی سیاست میں آنے کی پیشکش ہوئی تھی۔
کنگنا نے کئی چیزوں پر تبصرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان سے اور ان کے خاندان کے کئی افراد سے پہلے بھی سیاست میں آنے کے لیے رابطہ کیا گیا تھا۔ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب ان سے سیاست میں آنے کے لیے رابطہ کیا گیا ہو، اس سے قبل بھی انہیں کئی پیشکشیں موصول ہو چکی ہیں۔’ میں نے ‘ گینگسٹر’ سے ڈیبیو کیا، جس کے بعد مجھے ٹکٹ کی پیشکش کی گئی۔ میرے دادا تین بار ایم ایل اے رہے۔ لہذا جب آپ ایسے خاندان سے آتے ہیں اور کسی حد تک کامیاب ہوتے ہیں تو مقامی رہنما آپ سے رابطہ کرتے ہیں۔ یہ بہت عام بات ہے۔ دراصل، میرے والد کو بھی پیشکش ہوئی تھی۔ سیاست میں آنے کی پیشکش ملنا ہمارے لیے کوئی بڑی بات نہیں۔’ میں وہی کرتی ہوں جو مجھے پسند ہے۔ میں فلم انڈسٹری میں ایک اداکارہ، مصنف، ہدایت کار اور پروڈیوسر ہوں۔ اگر میں یہاں کے لوگوں کے ساتھ اپنے سیاسی کیرئیر میں آگے بڑھنا چاہتی ہوں تو مجھے یہاں کے لوگوں سے جڑنا ہوگا۔تاہم میں اس بات سے انکار نہیں کروں گی کہ فلم انڈسٹری میں کام کرنا سیاست میں کام کرنے سے زیادہ آسان ہے۔ یہاں صرف پریشان لوگ ہی آپ سے ملنے آتے ہیں۔ کنگنا رناوت نے کہا کہ جب آپ فلم دیکھنے جاتے ہیں تو آپ کو بہت سکون ملتا ہے لیکن سیاست ایسی نہیں ہوتی۔انہوں نے کہا، ‘میں سیاست کو محض ایک وقفے کے طور پر نہیں دیکھتی۔ یہ بہت مشکل کام ہے اور میں اس کے لیے تیار ہوں۔ مجھے لگتا ہے کہ اگر اشور نے مجھے یہ موقع دیا ہے تو میں اس ذمہ داری کو پوری ایمانداری سے نبھاؤں گی۔ کنگنا رناوت نے کہا کہ منڈی کے لوگ ایک ایسا لیڈر چاہتے ہیں جو انہیں کرپٹ لوگوں سے بچائے اور اس کے لیے انہوں نے مجھے منتخب کیا ہے، اس لیے میں انہیں مایوس نہیں کروں گی۔