گوپال نارائن سنگھ یونیورسٹی کی منائی گئی چھٹی یوم تاسیس تقریب

تاثیر۱۶      جون ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

سہسرام ( انجم ایڈوکیٹ ) گوپال نارائن سنگھ یونیورسٹی جموہار کی چھٹی یوم تاسیس تقریب مورخہ 15 جون بروز ہفتہ یونیورسٹی کے دیومنگل آڈیٹوریم میں منائی گئی ۔
مہمان خصوصی کی حیثیت سے پروگرام کا افتتاح یونیورسٹی کے بانی اور راجیہ سبھا کے سابق ممبر پارلیمنٹ گوپال نارائن سنگھ نے اسٹیج پر موجود تمام مہمانوں کے ساتھ چراغ روشن کر کیا، سرسوتی وندن اور کارتل کی آوازوں کے ساتھ شاندار افتتاح کو مکمل کرنے کیلئے چھٹے یوم تاسیس کی تقریب میں مہمانوں کے ذریعے 6 پاؤنڈ کا کیک کاٹا گیا ۔ پروگرام کے تسلسل کے طور پر اسٹیج پر موجود مہمانوں کو پودہ دیکر خوش آمدید کہا گیا ۔ پروگرام کے آغاز میں یونیورسٹی کے کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر کمار آلوک پرتاپ نے استقبالیہ کلمات پیش کئے، یونیورسٹی کے ترقی کے سفر کے بارے میں تفصیلی معلومات دیتے ہوئے انہوں نے آنے والے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہا، یونیورسٹی کے طلباء کو اپنی خوبیوں کے بارے میں بتاتے ہوئے اکیڈمک ڈائریکٹر سدیپ کمار نے کہا کہ یہ ادارہ طلباء کی وجہ سے موجود ہے ۔ پروگرام کے چیرمین اور وائس چانسلر ڈاکٹر ایم کے سنگھ نے یونیورسٹی فیملی کو اس کے یوم تاسیس پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ سب کیلئے ہر وقت دستیاب ہوں، جس کو بھی کوئی مسئلہ ہو بلا جھجک کال کریں تاکہ ادارہ ترقی کرتا رہے، پروفیسر سنگھ نے کہا کہ اچھی تعلیم کیلئے جسمانی اور ثقافتی صحت کے ساتھ ذہنی صحت بھی ضروری ہے، جسکے لئے کھیل ایک اہم ذریعہ ہے اور اس سمت میں کوششیں جاری ہیں ۔
تقریب کے مہمان خصوصی اور یونیورسٹی کے بانی گوپال نارائن سنگھ نے یونیورسٹی فیملی کو اس کے یوم تاسیس پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ادارہ عمارتوں سے نہیں بلکہ بچوں، اساتذہ اور حمایتیوں سے بنتا ہے، اگر بچے، اساتذہ، ساتھی اور انتظامیہ سب ادارے کی صحیح ترقی میں اپنا بھرپور حصہ ڈالیں تو ہم بلند مقام پر پہنچ سکینگے، جسکا سفر ستر فیصد مکمل ہو چکا ہے اور صرف تیس فیصد رہ گیا ہے ۔ اسپورٹس اینڈ فزیکل ایجوکیشن کے ڈائریکٹر راجیو رنجن اور ڈاکٹر سندیپ کمار موریہ، نارائن انسٹی ٹیوٹ آف ایگریکلچرل سائنسز نے یونیورسٹی کے ایک طالب علم مکیش کمار کی بنائی ہوئی چانسلر کی آئل پینٹنگ کو چانسلر کو پیش کیا گیا جس سے متاثر ہو کر انہوں نے یونیورسٹی میں فائن آرٹس متعارف کرانے کا اعلان کیا ۔ اس موقع پر بہت سے رنگا رنگ پروگرام اور مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا جس میں تمام شعبہ جات کے طلباء نے جوش و خروش سے حصہ لیا ۔ اس پروگرام میں تمام فیکلٹیوں کے ڈین، شعبہ جات کے سربراہان اور اداروں کے ڈائریکٹرز کے علاوہ اسسٹنٹ رجسٹرار متھلیش سنگھ، مونیکا سنگھ، نروپما سنگھ اور تمام طلباء موجود تھے ۔ پروگرام کی نظامت یونیورسٹی کے تعلقات عامہ کے افسر بھوپندر نارائن سنگھ نے کی اور شکریہ ڈاکٹر کمار انشومان ڈین آف اسٹوڈنٹ ویلفیئر نے ادا کیا ۔