راہل گاندھی کی رائے بریلی آمد پر ’راہل گاندھی جواب دو‘ کے پوسٹر لگائے گئے

تاثیر۹  جولائی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

رائے بریلی، 09 جولائی :لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر اور رائے بریلی سے ممبر پارلیمنٹ راہل گاندھی منگل کو ایک روزہ دورے پر رائے بریلی پہنچے۔ ان کی آمد پر شہر کے مختلف مقامات پر ’راہل گاندھی جواب دو‘ کے پوسٹر لگائے گئے ہیں۔ پوسٹر میں راہل گاندھی کے ہندووں پر پارلیمنٹ میں دیئے گئے بیان کا ذکر ہے اور ان کے مذہب پر بھی سوالات اٹھائے گئے ہیں۔
رائے بریلی میں منگل کو شہر کوتوالی تھانہ علاقے کے سول لائن چوراہاسمیت دوسرے چوراہوں کے قریب، جس راستے سے راہل گاندھی اپنے رکن پارلیمنٹ رہائش گاہ بھوئے مؤ گیسٹ ہاؤس پہنچے، ان راستوں پر ہی یہ پوسٹر لگائے گئے ہیں۔
پوسٹر میں لکھا ہے’’راہل گاندھی جواب دو‘‘،’’آپ کو اپنا قیمتی ووٹ دینے والا رائے بریلی کا ہندو ووٹر کیا تشدد پسند ہے؟‘‘ آپ کس دھرم کے ہو، واضح کرو۔ آپ ہندو مذہب کو مانتے ہو یا نہیں،رائے بریلی کا ہندو ووٹر مستقبل میں آپ کو کیا گالی کھانے کے لیے ووٹ دے گا۔ ان متنازعہ الفاظ کے ساتھ پارلیمنٹ میں راہل گاندھی کی تقریر کرتے ہوئے تصویر بھی لگائی گئی ہے۔ کانگریس کے ضلع صدر پنکج تیواری نے کہا کہ یہ چھوٹی ذہنیت والے لوگوں کی کرتوت ہے۔