تاثیر۴ جولائی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
ممبئی ، 4 جولائی : نائب وزیر اعلیٰ اور وزیر خزانہ اجیت پوار نے مہاراشٹرا اسمبلی میں اعلان کیا کہ بھوشی ڈیم سانحے میں مرنے والوں کے لواحقین کو وزیر اعلیٰ ریلیف فنڈ سے ہر ایک کو پانچ پانچ لاکھ روپئے بطور معاوضہ دیا جائے گا۔بھوشی ڈیم سانحہ کے متاثرین کے اہل خانہ کو امداد فراہم کرنے اور خطرناک مقامات پر حفاظتی اقدامات کے بارے میں رکن چیتن ٹوپے کی طرف سے پوائنٹ آف آرڈر کے ذریعے اٹھائے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے حادثے کو ‘افسوسناک’ قرار دیا اور ایسے حادثات دوبرہ نہ ہوں ، اور اس کو روکنے کے لئے حفاظتی اقدامات کے لیے ضلعی منصوبہ بندی کمیٹی کے ذریعے فنڈز فراہم کرنے کا یقین دلایا۔انہوں نے کہا کہ، “ایک افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب پونے کے ایک ہی خاندان کے پانچ افراد لوناوالا میں بھوشی ڈیم آبشار میں بہہ گئے۔” ، اس فنڈ کا استعمال ممکنہ طور پر خطرناک مقامات پر حفاظتی معلوماتی بورڈز، باڑ لگانے، حفاظتی جال وغیرہ لگانے کے لیے کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جہاں سیاحوں کی بھیڑ ہوتی ہے ان جگہوں پر معلوماتی بورڈ لگانے اور حفاظتی اقدامات کی کارروائی پہلے سے جاری ہے۔ پوار نے ریاست کے تمام کلکٹروں اور ضلعی پولیس سربراہوں کو ہدایت دی کہ وہ ضروری اقدامات کریں، بشمول خطرناک مقامات پر معلوماتی بورڈ لگانا تاکہ مستقبل میں بھوشی ڈیم کی طرح کے واقعات کو روکا جا سکے اور شہریوں کو غیر مانوس خطرناک جگہوں پر جانے سے روکا جا سکے۔