وزیر اعظم مودی نے سابق نائب صدر وینکیا نائیڈو کو ان کے75 ویں یوم پیدائش کی مبارکباد دی

تاثیر۳۰      جون ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، یکم جولائی: وزیر اعظم نریندر مودی نے آج سابق نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو کو ان کے 75 ویں یوم پیدائش پر مبارکباد دی ہے۔ انسٹاگرام پر مبارکبادی پیغام پوسٹ کرتے ہوئے وزیر اعظم نے لکھا – ’’وینکیا نائیڈو گارو کو ان کے 75 ویں یوم پیدائش پر بہت بہت مبارکباد۔ میں ان کی لمبی زندگی اور صحت مند زندگی کی خواہش کرتا ہوں۔ اس خاص موقع پر، میں نے ان کی زندگی، خدمت کے جذبے اور قوم کی تعمیر کے لیے لگن کے بارے میں اپنے کچھ خیالات شیئر کیے ہیں‘‘۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنی ویب سائٹ نریندر مودی ڈاٹ ان پر سابق نائب صدر کے ساتھ اپنے زندگی کے سفر کو تقریباً 1500 الفاظ میں شیئر کیا ہے۔ اس میں وزیر اعظم نے لکھا کہ وینکیا جی کی 75 ویں سالگرہ ایک عظیم شخصیت کی وسیع کامیابیوں کو سمیٹے ہوئے ہے۔ ان کی زندگی خدمت، لگن اور حساسیت کا سفر ہے جس کے بارے میں تمام اہل وطن کو جاننا چاہیے۔ سیاست میں اپنے ابتدائی دنوں سے لے کر نائب صدر کے اعلیٰ عہدے تک جس سادگی اور عاجزی کے ساتھ انہوں نے ہندوستانی سیاست کی پیچیدگیوں کو عبور کیا، وہ اپنے آپ میں ایک مثال ہے۔ اپنی فصاحت و بلاغت اور ترقی سے متعلقہ مسائل کے تئیں سرگرم عمل ہونے کی وجہ سے پارٹی سیاست سے قطع نظر ہر پارٹی میں عزت پائی۔
وزیر اعظم نے لکھا کہ وینکیا گارو (تیلگو میں گارو بڑے بھائی یا احترام کے لیے استعمال ہوتا ہے) اور میں کئی دہائیوں سے ایک دوسرے سے جڑے رہے ہیں ۔ ہم نے ایک طویل عرصے تک ایک ساتھ کام کیا ہے، مختلف ذمہ داریاں نبھائی ہیں اور میں نے ہر کردار میں ان سے بہت کچھ سیکھا ہے۔ میں نے دیکھا ہے کہ زندگی کے ہر موڑ پر عام لوگوں سے ان کا پیار اور محبت کبھی نہیں بدلی۔