وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کی سختی کے بعد لینڈ ریکارڈ کے 180 افسران کا تبادلہ

تاثیر۱۱  جولائی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

کولکاتا، 11 جولائی:مغربی بنگال میں سرکاری زمینوں پر غیر قانونی قبضے کی وجہ سے ریاستی لینڈ ریفارمز ڈپارٹمنٹ کے افسران پر کاروائی کی گئی ہے۔ مغربی بنگال حکومت نے 180 بلاک لینڈ ریکارڈ آفیسرز (بی ایل آر او) اور کئی ریونیو افسران کا تبادلہ کر دیا ہے۔ یہ کاروائی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کے ذریعہ محکمہ میں بدعنوانی کے الزامات پر سخت ناراضگی کا اظہار کرنے اور سخت کارروائی کی ہدایت کے ایک ہفتہ کے اندر کی گئی ہے۔
محکمہ کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ اس تبادلے کا مقصد محکمہ میں بدعنوانی کو روکنا ہے۔ مجموعی طور پر 180بی ایل آر او اورکئی ریونیو افسران کے تبادلے کیے گئے ہیں۔ تبادلے کے حکم نامے کے مطابق یہ افسران 12 جولائی تک اپنی موجودہ ڈیوٹی سے فارغ ہو جائیں گے اور نئے محکمے میں شامل ہو جائیں گے۔
ضلع مجسٹریٹس کو ضروری ہدایات بھیج دی گئی ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کے دفتر کو سرکاری زمین پر تجاوزات کی شکایتیں موصول ہو رہی تھیں۔