ٹریفک قوانین خلاف ورزی پر رہیگی سی سی ٹی وی کیمرے کی نظر،خلاف ورزی کرنے والوں کے گھر پہنچیگا ای چالان

تاثیر۷      جولائی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

         سہسرام ( انجم ایڈوکیٹ ) روہتاس ضلع ہیڈکوارٹر سہسرام ​​میں اب ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نظر رکھی جائیگی، فی الحال ضلع ہیڈکوارٹر سہسرام ​​میں دو اچھے معیار کے سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کی منظوری مل گئی ہے ۔ اگر ہم بہار کی بات کریں تو 15 اضلاع میں سی سی ٹی وی لگانے کی اجازت ملی ہے اور سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کیلئے ایک ایجنسی کا انتخاب بھی کیا گیا ہے ۔ ڈسٹرکٹ ٹرانسپورٹ آفیسر کم ممبر سیکرٹری ڈسٹرکٹ سیکورٹی کمیٹی کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ بڑے پاش چوراہوں کی فہرست بنائیں اور سی سی ٹی وی-این پی آر کیمروں کی تنصیب کے سلسلے میں کنٹرول کیلئے کمرے فراہم کریں ۔ حال ہی میں بہار روڈ سیفٹی کونسل کی میٹنگ میں علاقائی اضلاع میں کم از کم 10 مقامات اور دیگر اضلاع میں پانچ مقامات یا چوراہوں کی نشاندہی کرتے ہوئے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کی تجویز پاس کی گئی جسکے ذریعہ تمام اضلاع میں ٹریفک کی خلاف ورزی کرنے والوں کا پتہ لگایا جائیگا، ای چالان کارروائی کرنے کیلئے محکمہ نے ڈویژنل اضلاع میں کم از کم 10 بڑے چوراہوں اور دیگر اضلاع میں پانچ بڑے چوراہوں کی نشاندہی کی ہے ۔ موجودہ EOI کے تحت زیادہ سے زیادہ چار اور کم از کم دو جگہوں پر سی سی ٹی وی، این پی آر کیمرے نصب کرنے کی تجویز ہے ۔ ضلع ہیڈکوارٹر سہسرام کا پرہجوم علاقہ پوسٹ آفس چوک اور کرگہر موڑ پر سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جائینگے‌ جنکے ذریعہ ٹریفک کی نگرانی کی جائیگی ۔ بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیوروں کے خلاف بھی کارروائی کی جائیگی خصوصاً سڑک حادثات کو کم کرنے کے مقصد سے ضلع ہیڈ کوارٹر سہسرام میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کی سی سی ٹی وی کے ذریعے نگرانی کرتے ہوئے چالان جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ ٹرانسپورٹ آفیسر روہتاس رام بابو نے بتایا کہ شہر کے پوسٹ آفس چوک اور کرگہر موڑ کے قریب جدید سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جائینگے اور خلاف ورزی کرنے والوں کو ان کے گھروں پر ای چالان بھجوایا جائیگا ساتھ ہی دیگر کارروائی بھی کی جائیگی ۔