کیجریوال کی ضمانت کی درخواست پر سی بی آئی کو نوٹس، اگلی سماعت 17 جولائی کو

تاثیر۳      جولائی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 05 جولائی: دہلی ہائی کورٹ نے سی بی آئی کیس میں دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کی درخواست ضمانت پر سماعت کرتے ہوئے سی بی آئی کو نوٹس جاری کیا ہے۔ جسٹس نینا بنسل کرشنا کی بنچ نے اگلی سماعت 17 جولائی کو کرنے کا حکم دیا۔
کیجریوال نے اپنی عرضی میں سی بی آئی کی گرفتاری اور حراست کو غیر قانونی قرار دیا ہے۔ ہائی کورٹ نے اس حقیقت کا نوٹس لیا کہ کیجریوال نے ضمانت کے لیے ٹرائل کورٹ جانے کے بجائے براہ راست ہائی کورٹ میں عرضی داخل کی تھی۔ تاہم عدالت نے کہا کہ اس معاملے پر بعد میں غور کیا جائے۔
سی بی آئی نے کیجریوال کو 26 جون کو گرفتار کیا تھا اور اسی دن راؤز ایونیو کورٹ نے 29 جون تک سی بی آئی کی تحویل میں دے دیا تھا۔ راؤز ایونیو کورٹ کے ڈیوٹی جج امیتابھ راوت نے کہا تھا کہ سی بی آئی کے ذریعہ کیجریوال کی گرفتاری غیر قانونی نہیں ہے۔ بعد ازاں 29 جون کو سی بی آئی کی گرفتاری ختم ہونے کے بعد ڈیوٹی جج سنائینا شرما نے انہیں 14 دن کی عدالتی حراست میں بھیجنے کا حکم دیا۔
کیجریوال نے سی بی آئی کی گرفتاری کو دہلی ہائی کورٹ میں بھی چیلنج کیا ہے، جس پر سماعت کرتے ہوئے ہائی کورٹ نے سی بی آئی کو نوٹس جاری کیا ہے۔ درخواست کی سماعت 17 جولائی کو ہوگی۔