تاثیر ۲۲ اگست ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
جنوبی دیناج پور، 22 اگست: کولکاتا کے آر جی کر واقعہ کے بعد جنوبی دیناج پور ضلع محکمہ صحت نے احتیاطی تدابیر کے طور پر کئی اہم اقدامات کئے ہیں۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ ڈپارٹمنٹ نے ڈاکٹروں اور نرسوں کی حفاظت کے لیے بالورگھاٹ اسپتال میں الکحل ڈیٹیکٹر مشین لگانے کا قدم اٹھایا ہے۔ اس کے ساتھ ہی اسپتال کے خالی کمروں بند کرنے اور تاریک جگہوں پر روشنی کا انتظام کیا جا رہا ہے۔
دراصل بدھ کے روز ڈاکٹروں، نرسوں اور ہیلتھ ورکرز نے آر جی کر معاملے میں انصاف اور بالورگھاٹ اسپتال میں سیکورٹی کو مضبوط کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے سڑکوں پر احتجاج کیا تھا۔ اس احتجاج کے بعد، ضلع کے چیف ہیلتھ آفیسر، محکمہ تعمیرات عامہ اور پولیس حکام نے جمعرات کی دوپہر بالورگھاٹ ڈسٹرکٹ ہاسپٹل کا دورہ کیا۔
معائنہ کے بعد ضلع چیف ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر سدیپ داس نے پولیس، محکمہ تعمیرات عامہ اور اسپتال کے افسران کے ساتھ میٹنگ بھی کی۔اس میں فیصلہ کیا گیا کہ دس منزلہ سپر اسپیشلٹی اسپتال کے غیر استعمال شدہ کمروں کو تالے لگا دئیے جائیں گے۔ خواتین ڈاکٹروں اور نرسوں کی حفاظت کے لیے مزید سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں گے۔ اس کے ساتھ ہی خواتین پولیس اور سیکورٹی گارڈز بھی تعینات ہوں گے۔ ساتھ ہی، بالورگھاٹ ضلع اسپتال کے مرکزی دروازے پر الکحل ڈیٹیکٹر مشینیں لگائی جائیں گی۔