تاثیر ۴ اگست ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
تہران، 04 اگست:ایران میں میزائل حملے میں شہید ہونے والے اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے بعد فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس نے سیاسی ونگ کے نئے سربراہ کے چناؤ کا عمل شروع کر دیا۔حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کو 31 جولائی کو تہران میں میزائل حملے میں شہید کیا گیا، ایران کی جانب سے حملے کا الزام اسرائیل اور امریکا پر عائد کیا گیا ہے تاہم اسرائیل کی جانب سے تاحال اس حوالے سے کوئی بیان نہیں دیا۔اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے بعد خالد مشعل اور خلیل الحیا سمیت متعدد رہنماؤں کے نام نئے سیاسی سربراہ کے طور پر لیے جا رہے ہیں۔ حماس نے اسماعیل ہنیہ کے متبادل کے لیے مشاورت کا عمل شروع کر دیا ہے تاہم یہ واضح نہیں ہو سکا کہ یہ عمل کب تک مکمل ہو گا۔العربیہ نے غزہ پر کنٹرول کرنے والی فلسطنی تنظیم کے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ حماس کے سرکردہ رہنما یحییٰ الصنوار نے خالد مشعل کے بجائے خلیل الحیا کو حماس کے سیاسی ونگ کا سربراہ نامزد کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ذرائع کے مطابق یحییٰ الصنوار چاہتے ہیں کہ حماس کے سیاسی ونگ کا سربراہ ایسا فرد ہونا چاہیے جس کے ایران اور شام کے ساتھ اچھے تعلقات ہوں۔حماس ذرائع کے مطابق یحییٰ الصنوار کا کہنا ہے حماس کا موجودہ سربراہ عارضی ہو گا اور تنظیم کے مستقل سربراہ کا فیصلہ آنے والے مہینوں میں ہونے والے انتخابات میں ہو گا۔