امریکی صدارتی امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ اور کملا ہیرس کی 10 ستمبر کو انتخابی مباحثے کے لئے رضامندی

تاثیر  ۹   اگست ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

واشنگٹن/ پام بیچ، 9 اگست: ریپبلکن صدارتی امیدوار اور سابق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور موجودہ نائب صدر اور ڈیموکریٹک امیدوار کملا ہیرس 10 ستمبر کو ہونے والے انتخابی مباحثے کے لیے تیار ہیں۔ اس بحث کے تحت دونوں امیدوار آمنے سامنے ہوں گے۔ امریکی تجارتی ٹیلی ویڑن نشریاتی نیٹ ورک ’’امریکن براڈکاسٹنگ کمپنی‘‘ (اے بی سی) نے یہ اطلاع دی۔
اس اعلان سے کچھ دیر قبل ہی ٹرمپ نے ایک پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ انہوں نے صدارتی انتخابی عمل کے حصے کے طور پر تین ٹیلی ویڑن نیٹ ورکس کے سامنے تین مباحثے کی تجویز پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ستمبر میں کچھ تاریخوں پر متفق ہیں۔
اس سال ہونے والے صدارتی انتخابی عمل کے ایک حصے کے طور پر ٹرمپ اور ڈیموکریٹک پارٹی کے سابق امیدوار جو بائیڈن کے درمیان پہلا مباحثہ ہوا تھا۔ اس بحث میں موجودہ امریکی صدر بائیڈن کی ناقص کارکردگی کے بعد ان پر اپنی امیدواری چھوڑنے کے لیے ہر طرف سے دباو تھا۔ بعد میں بائیڈن نے اپنی امیدواری چھوڑ دی اور اس کے لیے ہیرس کا نام تجویز کیا۔