ایران بڑے حملے کی تیاری کر رہا ہے، اسرائیلی وزیر خارجہ کا دعویٰ

تاثیر  ۱۲   اگست ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

تہران،12اگست:اسرائیلی وزیر دفاع یوآو گیلنٹ نے اتوار کے روز اپنے امریکی ہم منصب لائیڈ آسٹن سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور انہیں آگاہ کیا کہ ایران کی فوجی تیاریوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ تہران اسرائیل پر وسیع پیمانے پر حملے کی تیاری کر رہا ہے۔ یہ بات امریکی ویب سائٹ axios نے ٹیلی فون کال سے با خبر ذریعے کے حوالے سے بتائی۔مذکورہ ذریعے کے مطابق اسرائیلی انٹیلی جنس سمجھتی ہے کہ ایران نے اسرائیل پر براہ راست حملے کا فیصلہ کیا ہے اور شاید یہ (حملہ) آئندہ چند روز میں ہو۔
ادھر اسرائیلی ویب سائٹ Walla نے اسرائیلی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ انٹیل جنس تجزیوں سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ایران براہ راست حملے کا ارادہ رکھتا ہے اور ایران کے صدر اور پاسداران انقلاب کے درمیان حملے کی صورت کے حوالے سے مختلف مواقف ہیں۔ ویب سائٹ کے مطابق ایرانی صدر شدید جوابی کارروائی سے گریز چاہتے ہیں جب کہ پاسداران انقلاب وسیع پیمانے پر حملے کا ارادہ رکھتی ہے۔ایرانی قائم مقام وزیر خارجہ علی باقری نے اتوار کے روز باور کرایا تھا کہ اسرائیل کو جواب دینا جائز اور حتمی صورت میں ہو گا۔ بیلجیم کی وزیر خارجہ حجۃ لحب?ب سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے باقری نے مزید کہا کہ “ایران اپنی قومی سلامتی ، اراضی کی وحدت اور قومی خود مختاری کے دفاع کے ضمن میں بین الاقوامی قانون ، عالمی اقدامات اور اقوام متحدہ کے منشور کی بنیاد پر اسرائیل کو بھاری قیمت چکانے پر مجبور کر دے گا”۔گذشتہ ماہ 31 جولائی کو حماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی تہران میں ہلاکت کے بعد مشرق وسطی میں کشیدگی کی شدت میں کئی گنا اضافہ ہو گیا ہے۔ہنیہ کے قتل کو اسرائیل کے ساتھ منسوب کیا جا رہا ہے۔