ایچ آئی وی ایڈز سے آگاہی مہم کی کامیابی کے لئے صدر اسپتال ارریہ میں ورکنگ گروپ کا اجلاس۔

تاثیر  ۱۳   اگست ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

ارریہ :- ( مشتاق احمد صدیقی ) ایچ آئی وی ایڈز سے متعلق آگاہی کے حوالے سے مختلف سرکاری محکموں کے باہمی ربط سے ضلع میں بھرپور مہم چلائی جائے گی۔  ورلڈ یوتھ ڈے کے موقع پر 12 اگست سے 15 اکتوبر تک چلائی جانے والی اس خصوصی مہم کو کامیاب بنانے کے مقصد سے گزشتہ کل صدر ہسپتال ارریہ کے آڈیٹوریم میں ڈسٹرکٹ لیول ورکنگ گروپ کا اجلاس سول سرجن ڈاکٹر کے کے کشیپ کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں محکمہ صحت، آئی سی ڈی ایس، جیویکا، معاون تنظیموں اور دیگر متعلقہ محکموں کے نمائندوں نے شرکت کیں۔ اس اجلاس میں مہم کو کامیابی کے ساتھ منظم کرنے کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔ سول سرجن ڈاکٹر کرشنا کمار کشیپ نے ایچ آئی وی انفیکشن کی روک تھام اور اس پر قابو پانے کے مقصد سے چلائی گئی بیداری مہم کو اہم قرار دیا۔  مہم کی کامیابی کے لئے اجتماعی کوششوں اور باہمی تال میل کو ضروری قرار دیتے ہوئے انہوں نے متعلقہ عہدیداروں کو ضروری ہدایات دیں۔  انہوں نے بلاک کمیونٹی موبلائزر کو ہدایت دی کہ وہ اپنی سطح سے تمام آشا کارکنوں کو ٹریننگ دے کر کمیونٹی کی سطح پر مہم کے مؤثر نفاذ کو یقینی بنائیں۔  جیویکا گروپ کے دیدیوں کی مدد سے انہیں علاقے میں بڑے پیمانے پر تشہیری مہم چلانے اور متعلقہ تصاویر ڈسٹرکٹ ایڈز کنٹرول آفس کو فراہم کرنے کی ہدایت دی گئی۔ ڈسٹرکٹ ایڈز کنٹرول آفیسر ڈاکٹر وائی پی سنگھ نے ایچ آئی وی ایڈز بیداری کے سلسلے میں ضلع میں کی جانے والی مختلف سرگرمیوں کے بارے میں جانکاری دی۔  انہوں نے عام لوگوں بالخصوص نوجوانوں کو ایچ آئی وی/ایڈز کے خطرات سے بچانے کے لئے ایک خصوصی آگاہی مہم کا کامیابی سے انعقاد کو ضروری قرار دیا۔ اس کے لیے انہوں نے مختلف محکموں کے درمیان باہمی رابطوں کو بہتر بنا کر اجتماعی کوششوں پر زور دیا۔ ضلع ایڈز کنٹرول اور روک تھام یونٹ کے ڈی پی ایم اکھلیش کمار سنگھ نے اجلاس میں گہری بیداری مہم کے تحت منعقد کی گئی مختلف سرگرمیوں کے بارے میں ریاستی سطح سے موصولہ تجاویز اور رہنما خطوط کو تفصیل کے ساتھ سامنے رکھا، انہوں نے متعلقہ محکموں کے نمائندوں سے اپیل کی کہ وہ اس مہم کی کامیابی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کو یقینی بنائیں!۔  انہوں نے کہا کہ ریڈ ربن کارکنوں کی مدد سے مہم کے تحت دور دراز دیہی علاقوں میں وسیع تشہیری مہم چلائی جائے گی۔