تاثیر ۳ اگست ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
باغپت، 03 اگست: ضلع میں ایک ایسا ہسپتال ہے جہاں بچی کی پیدائش پر کوئی فیس نہیں لی جاتی بلکہ ہسپتال انتظامیہ گھر والوں کو تحفہ دیتی ہے۔ بچی کی پیدائش پر ہسپتال کو سجایا جاتا ہے اور اس کی آمد پر جوش و خروش سے جشن منایا جاتا ہے۔ ضلع کے بڑوت کے میٹرو کیئر ہسپتال کے منیجنگ ڈائریکٹر وپن چوہان نے کہا کہ ہمارے منیجر نے 14 جولائی کو ایک اعلان کیا ہے۔ اگر کوئی بچی ہسپتال میں پیدا ہوتی ہے، وہ نارمل ہو یا سیزرین، کوئی چارج نہیں لیا جائے گا۔ یہی نہیں بیٹی کی پیدائش پر اسپتال میں جشن منایا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ جمعرات کی رات بروالا گاؤں کی ماں نے ایک صحت مند اور خوبصورت بیٹی کو جنم دیا۔ نارمل ڈیلیوری کے بعد ماں اور بچہ دونوں صحت مند ہیں۔ بیٹی کی پیدائش پر جمعہ کو ہسپتال کو پھولوں، ہاروں اور غباروں سے سجایا گیا۔ تمام اسٹاف میں مٹھائیاں تقسیم کر کے خوشی کا اظہار کیا گیا۔ ہسپتال کی طرف سے ماں رچنا کو ایک پودا اور تحفہ بھی دیا گیا۔ ہسپتال میں بچی کی پیدائش پر کسی قسم کی کوئی فیس نہیں لی گئی۔ اسپتال کے اس قدم سے گھر والے بھی کافی خوش ہیں۔