بنگلہ دیش کے اٹارنی جنرل امین الدین مستعفی ہوگئے

تاثیر  ۷   اگست ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

ڈھاکا، 07 اگست: بنگلہ دیش میں شیخ حسینہ کے بھارت فرار کے بعد اٹارنی جنرل امین الدین نے بھی اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اٹارنی جنرل امین الدین کا کہنا ہے ذاتی وجوہات کی بنا پر مستعفی ہورہا ہوں۔رپورٹس کے مطابق بنگلہ دیش کے اٹارنی جنرل امین الدین کو 2020میں اٹارنی جنرل کے عہدے پر تعینات کیا گیا تھا۔واضح رہے کہ بنگلہ دیش میں شیخ حسینہ کے فرار کے بعد نئی عبوری حکومت کی بنیاد رکھ دی گئی ہے، طلبہ کے مطالبے پر نوبل انعام یافتہ ڈاکٹر محمد یونس عبوری سیٹ اپ کے سربراہ ہوں گے۔محمد یونس کے سربراہ بننے کے بعد عبوری حکومت کے باقی ارکان کو سیاسی جماعتوں سے مشاورت کے بعد حتمی شکل دی جائے گی۔اس سے قبل بنگلہ دیشی طلبہ کی جانب سے نوبل انعام یافتہ محمد یونس کو عبوری حکومت کی سربراہی دینے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔بنگلہ دیشی طلبہ قیادت نے فوجی حکام سے ملاقات کی اور اپنے مطالبات پیش کیے تھے، بنگلہ دیشی طلبہ نے نوبل انعام یافتہ محمد یونس کو عبوری حکومت کی سربراہی دینے کا کہا تھا، محمد یونس کے ترجمان نے بھی طلبہ قیادت کی نامزدگی سے اتفاق کیا تھا۔طلبہ کے مطالبے کے تحت بنگلہ دیش کی پارلیمنٹ تحلیل کردی گئی تھی جبکہ طلبہ تنظیموں نے فوجی حکومت قبول کرنے سے انکار کردیا تھا۔