تاثیر ۶ اگست ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
حیدرآباد،06 اگست:ہندوستانی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا جو سوشل میڈیا پر اپنی فعال موجودگی کے لیے جانی جاتی ہیں۔ پیر کے روز انسٹاگرام پر ایک ’ہفتہ وار ریکیپ‘ شیئر کی، جس میں ان کے حالیہ دنوں کی مصروفیت کو دیکھا جا سکتا ہے۔ یہ سفر، فوٹو شوٹس، انٹرویوز اور دوستوں کے ساتھ خوبصورت لمحات سے بھری تصویر کی ایک مکمل سیریز ہے۔انہوں نے پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ ”کئی پروازوں اور دن کے 17 گھنٹوں کو سیلفیز اور تصویروں میں قید کیا” تاہم یہ ان کے ریکیپ میں شامل کیپشن ہے، جس نے بہت سے لوگوں کی توجہ حاصل کی۔ انہوں نے فوٹو کے اندر ایک نوٹ میں لکھا کہ ”لیکن تقدیر ہمیشہ اس بات پر نہیں منحصر ہوتی کہ ہم کیا چاہتے ہیں، بعض اوقات یہ اس کے بارے میں ہوتا ہے جس کی ہمیں سخت ضرورت ہے۔” غور طلب ہے کہ یہ پیغام ان کی پاکستانی کرکٹر شعیب ملک سے علیٰحدگی کے درمیان آیا ہے۔ سال 2010 میں حیدرآباد میں شادی کرنے اور پاکستان کے سیالکوٹ میں ولیمہ کی تقریب منعقد کرنے والے اس جوڑے نے 2018 میں اپنے بیٹے اذہان مرزا ملک کا اس دنیا میں استقبال کیا۔ 20 جنوری 2024 کو شعیب ملک نے سوشل میڈیا کے ذریعے پاکستانی اداکارہ ثنا جاوید سے اپنی شادی کا اعلان کیا۔اس اعلان کے بعد ثانیہ کی ٹیم نے ان کی علیحدگی کی تصدیق کر دی ہے۔ اس کے بعد سے ثانیہ مرزا انسٹاگرام پر جذباتی اور حوصلہ افزا نوٹ شیئر کرتی رہتی ہیں۔