جنوبی لبنان پر اسرائیلی حملہ، حزب اللہ نے بھی دے دیا جواب ، 30 راکٹ داغ دیے

تاثیر  ۱۲   اگست ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

بیروت،12اگست:لبنانی میں سرگرم حزب اللہ ملیشیا کے اعلان کے مطابق اس نے اتوار اور پیر کی درمیانی شب شمالی اسرائیل پر درجنوں راکٹ داغے ہیں۔ یہ کارروائی چند روز قبل جنوبی لبنان پر اسرائیلی حملوں کے بعد سامنے آئی ہے۔ حملوں کے نتیجے میں حزب اللہ کے تین جنگجو ہلاک اور 12 افراد زخمی ہو گئے۔دوسری جانب اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ لبنان کی سمت سے 30 راکٹ داغے گئے جن میں زیادہ تر راکٹ کھلے خالی علاقوں میں گرے۔ حملے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔
اس سے قبل اتوار کو اسرائیلی فوج نے اعلان کیا تھا کہ اس نے جنوبی لبنان میں العدیسہ قصبے میں حزب اللہ کی کئی عسکری تنصیبات کو نشانہ بنایا۔سات اکتوبر کو غزہ کی جنگ چھڑ جانے کے بعد حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان جاری لڑائی میں اب تک لبنان میں 565 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ ان میں کم از کم 116 شہری شامل ہیں۔ یہ بات لبنان کے سرکاری اور حزب اللہ کے حکام کے بیانات میں سامنے آئی۔ادھر اسرائیلی حکام نے حزب اللہ کے ساتھ کشیدگی کے بعد سے اب تک 22 اسرائیلی فوجی اور 26 شہریوں کے مارے جانے کی تصدیق کی ہے۔
حماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی تہران میں اور حزب اللہ کے اہم عسکری کمانڈر فؤاد شکر کی بیروت کے جنوبی نواح میں ہلاکت کے بعد حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی کی شدت عروج پر پہنچ چکی ہے۔