تاثیر ۲۷ اگست ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
کٹہار (عمر مرشد) 27 آگست 24
عاشق رسول نوجوان کمیٹی کٹیہار کے بینر تلے ہزاروں عاشقان رسول نے حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی کرنے والوں کے خلاف احتجاج کیا۔ اس احتجاج کے ذریعے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اسلام کے آخری پیغمبر حضرت محمد مصطفےٰﷺ کی شان میں گستاخی کرنے والے مجرموں کے خلاف قانونی کارروائی کر کے انکو سخت سے سخت سزا دی جائے۔
عاشق رسول نوجوان کمیٹی کے ذمہ داروں کا مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ اورنگ آباد، مہاراشٹر کے رہنے والے رام گیری گرو نارائن مہاراج کے خلاف اسلام کے آخری پیغمبر محمد صاحب کی شان میں گستاخی کرنے پر سخت ترین کارروائی کی جائے۔ حضور محمد مصطفےٰ ﷺ ہمارے آخری نبی ہیں جن پر اللہ تعالیٰ نے پورا قرآن پاک نازل فرمایا ہے۔ اور وہی عالم اسلام کے پہلے حافظ بھی ہیں۔ ہم سب اللہ کے ان آخری نبی سے بے پناہ محبت کرتے ہیں، اس لیے اللہ کے پیغمبر محمد صاحب کی بے عزتی برداشت نہیں کر سکتے۔
پھر بھی اکثر دیکھا گیا ہے کہ کچھ لوگ محمد صاحب کی شان میں گستاخی کرتے ہیں۔ یہ وہ لوگ ہیں جن کا کوئی معیار نہیں ہے۔ ایسے لوگوں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی ہونی چاہیے۔آپ کو بتاتے چلیں کہ حال ہی میں مہاراشٹر کے ناسک ضلعے کے گاؤں شاہ پنچالے میں ایک ہندو مذہبی پروگرام کا انعقاد کیا جا رہا تھا، اس دوران رام گیری نارائن نے انتہائی قابل اعتراض الفاظ میں حضرت محمد مصطفی کی شان میں گستاخی کی اور ان کے لئے نازیبا الفاظ کا استعمال کیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔ جس نے ہندوستانی مسلمانوں کے دلوں کو شدید دکھ پہنچایا ہے۔