تاثیر ۳۰ اگست ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
کیف،30اگست:یوکرین کی جانب سے روس کے شہر کرسک پرحملے کو روس کی سرخ لکیروں کو عبور کرنے کے مترادف قرار دیا جا رہا ہے۔ دوسری طرف یوکرینی وزیر خارجہ نے اس حملے کا دفاع کیا ہے۔العربیہ چینل سے گفتگو کرتے ہوئے یوکرینی وزیر خارجہ دیمیٹرو کولیبا نے روسی سرزمین پر اپنے ملک کے حملے کے حوالے سے زور دے کر کہا کہ ’کرسک‘ میں دراندازی کا مقصد یوکرین کا دفاع تھا۔انھوں نے جمعرات کے روز العربیہ کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو میں مزید کہا کہ ’کرسک‘ ان خطوں میں سے ایک ہے جہاں سے روس نے یوکرین کے خلاف جنگ شروع کی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ کرسک آپریشن انٹیلی جنس معلومات پر مبنی یوکرین کا فیصلہ تھا۔ کیف نے کرسک آپریشن سے پہلے امریکہ یا یورپ سے منظوری نہیں لی تھی۔انہوں نے کہا کہ روسی فوجی ہوائی اڈوں کو نشانہ بنانے سے یوکرین میں جانیں بچیں گی۔ کرسک آپریشن نے روس کے خلاف جنگ کے توازن میں توازن بحال کیا۔یوکرینی وزیر خارجہ نے نیٹو کے رکن ہونے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ کیف یورپی یونین میں شمولیت کی جانب تیزی سے قدم بڑھا رہا ہے۔ہنگری کے ساتھ تنازعات کے بارے میں ان کاکہنا تھا کہ ان اختلافات کو حل کیا جا سکتا ہے۔امریکہ میں رواں سال ہونے والے صدارتی انتخابات کے بارے میں یوکرینی وزیرخاجہ نے کہا کہ ٹرمپ یوکرین کے حوالے سے کوئی مختلف انداز اختیار نہیں کریں گے۔ یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی ریپبلکن اور ڈیموکریٹک پارٹیوں کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں۔