ریاست میں وقف بورڈ کی زمین پر 21 نئے مدارس تعمیر کرے گی بہارحکومت

تاثیر  ۱۳   اگست ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

پٹنہ ، 13 اگست : نتیش کمار کی حکومت نے بہار میں وقف بورڈ کی زمین کو لے کر بڑا فیصلہ کیا ہے۔ حکومت بہارسنی اور شیعہ وقف بورڈ کے تحت رجسٹرڈ جائیدادوں کی ترقی کے لیے کثیر المقاصد عمارتیں ، شادی ہال ، مارکیٹ کمپلیکس اور دیگر ڈھانچے تعمیر کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔ اقلیتی بہبود کے وزیرزما خاں نے کہا کہ حکومت نے ریاست کے مختلف حصوں میں 21 نئے مدارس قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ پٹنہ ، پورنیہ ، کیمور ، کٹیہار ، کشن گنج ، نوادہ اور سیوان میں 2023-24 میںکثیر المقاصد عمارتوں ، مارکیٹ کمپلیکس اور لائبریریوں کی تعمیر کے لیے دس منصوبے تجویز کیے گئے تھے۔ ان پروجیکٹوں کے لیے 105.13 کروڑ روپے کی رقم تجویز کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ 2024-25 میں سیوان اور بھاگلپور اضلاع میں کثیر المقاصد عمارتیں ، گیسٹ ہاوس ، شادی ہال ، وقف دفتر کی عمارتیں اور مارکیٹ کمپلیکس تعمیر کیے جائیں گے۔ یہ کام بہار اسٹیٹ وقف ڈیولپمنٹ اسکیم کے تحت کیا جارہا ہے۔ اس کے علاوہ بی آر ایم ایس وائی کے تحت ریاستی حکومت نے ریاست کے مختلف حصوں میں 21 نئے مدارس بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ حال ہی میں ریاست میں دس مدارس کی تعمیر کا کام مکمل کیا گیا ہے۔ریاستی حکومت وقف املاک کی حفاظت کو لے کر فکر مند ہے۔بی آر ایم ایس وائی کے تحت مدارس کے بنیادی ڈھانچے اور تعلیمی نظام کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ پینے کا پانی ، لائبریری ، بیت الخلا ، کمپیوٹر سائنس لیب وغیرہ جیسی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔ یہ اسکیم 2018-19 میں شروع کی گئی تھی۔ گذشتہ سال پورنیہ میں دو اور نالندہ اور مشرقی چمپارن میں ایک ایک مدرسے کی مضبوطی کے لیے 32.39 کروڑ روپئے کی منظوری دی گئی تھی۔