تاثیر ۱۹ اگست ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
جموں، 19 اگست: جموں و کشمیر میں 52 دنوں تک چلنے والی سالانہ تیرتھ یاترا پیر کو تقریباً پانچ لاکھ یاتریوں کے درشن کے ساتھ پرامن طریقے سے اختتام پذیر ہوگئی۔ مہنت سوامی دیپندر گری کی طرف سے اٹھائے گئے ‘چھڑی مبارک’ نے آج صبح پنجترنی سے مقدس گھپا تک اپنے سفر کا آخری مرحلہ شروع کیا۔
یاترا اس سال 29 جون کو شروع ہوئی تھی اور 52 دن کے بعد پیر کو سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان ختم ہوئی۔ جموں سے بالتل اور ننوان پہلگام کے دو بیس کیمپوں تک یاترا کے راستے میں پولیس اور سی اے پی ایف کی ہر جگہ موجودگی، ٹرانزٹ کیمپوں میں انتہائی پیشہ ورانہ اور تکنیکی طور پر لیس سیکورٹی اور سب سے بڑھ کر مقامی لوگوں کا مکمل تعاون سے اس سال یاترا کا واقعات سے پاک انعقاد ممکن ہے۔ بھگوان شیو کے لئے ‘بم بم بھولے’ اور ویدک بھجن کے نعرے لگاتے ہوئے سادھوؤں اور عقیدت مندوں کے ساتھ، چھڑی مبارک کا آخری سفر، آخری کیمپ پنچترنی سے شروع ہوا۔ روایتی ‘پوجا’ اور رسومات کے درمیان دن بھر عالمی امن اور بنی نوع انسان کی خوشحالی کے لیے دعائیں مانگی گئیں جس کے بعد چھڑی مبارک پہلگام کے راستے پنجترنی واپس لائی گئی۔
چھڑی مبارک کی 14 اگست کو سرینگر کے دشنامی اکھاڑہ مندر سے روانگی ہوئی۔ راستے میں مختلف مندروں میں درشن کے لیے لے جانے کے بعد 16 اگست کو گھپا کی طرف اپنا اگلا سفر شروع کرنے سے پہلے اس نے دو راتیں پہلگام میں قیام کیا۔ چھڑی مبارک کے متولی، سوامی دیپندر گری نے شری امرناتھ جی شرائن بورڈ کی طرف سے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور مرکزی زیر انتظام انتظامیہ کی طرف سے یاتریوں کے لیے کیے گئے بہتر انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔