سڑک حادثہ میں چار افراد جاں بحق

تاثیر  ۳   اگست ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

باراں، 3 اگست :ضلع میں قومی شاہراہ 27 پر جمعہ کی دیر رات پیش آئے ایک سڑک حادثہ میں چار لوگوں کی موت ہو گئی۔ اس کے ساتھ ہی دیگر چھ افراد زخمی ہوئے، جنہیں کشن گنج اسپتال لے جایا گیا ہے۔ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب بھنور گڑھ قصبے سے دو کلومیٹر پہلے باراں سے کیلواڑہ جانے والی جیپ کے سامنے ایک گائے آگئی۔ گائے کے اچانک آنے سے گاڑی بے قابو ہو کر الٹ گئی۔ حادثے میں چار افراد کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔
اے ایس پی راجیش چودھری نے بتایا کہ یہ واقعہ جمعہ کی رات بھنور گڑھ تھانہ علاقہ کے رامپوریا کے نزدیک قومی شاہراہ 27 پر پیش آیا۔ جیپ ہائی وے سے گزر رہی تھی۔ اس دوران اچانک گائے سامنے آ گئی۔ اسے بچانے کی کوشش میں جیپ اپنا توازن کھو بیٹھی۔ جیپ الٹنے کے بعد بری طرح تباہ ہوگئی اور اس میں موجود لوگ پھنس گئے۔
جیپ میں پھنسے لوگوں کی چیخ و پکار سن کر آس پاس کے لوگ مدد کے لیے بھاگے۔ بہت کوشش کے بعد سب کو باہر نکالا گیا۔ حادثے میں رام پور کے رہائشی پھول چند ولد تلسی رام، ہریچرن مہتا، لاکھن ولد پھاگو سہریہ، ایم پی کے بموری راجو سہریہ کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ مرنے والوں میں لاکھن اور پھول چند رشتہ دار تھے۔ پھول چندلالکھن کے ماما تھے۔
اس حادثے میں مرلی، ماکھن، ہیمراج، گورا بائی، آنند،پھاگو، شرون، پرشوتم، بڑا اور دیگر زخمی ہوگئے۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔ ڈی ایس پی اومندر سنگھ شیخاوت، ایس پی راجکمار چودھری، کلکٹر روہتاشو سنگھ تومر بھی کشن گنج اسپتال پہنچے اور زخمیوں سے معلومات لیں۔ یہ تمام لوگ رام گڑھ علاقے کے کشنائی پورہ گاوں سے اپنی بہن کو لینے گئے تھے ۔ واپس آتے ہوئے بھنور گڑھ قصبہ سے پہلے یہ حادثہ ہوا۔ اچانک ایک گائے سامنے آئی اور ڈرائیور نے بریک لگائی، جس کی وجہ سے گاڑی بے قابو ہو کر کئی بار الٹ گئی۔