تاثیر ۴ اگست ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
اوٹاوا، 04 اگست:کینیڈا نے اپنے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ اسرائیل کے سفر سے گریز کریں کیونکہ ‘علاقائی مسلح تصادم سے سکیورٹی کو خطرہ لاحق ہے۔’برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق کینیڈا کی حکومت نے اسرائیل کے سفر کے لیے خطرے سے آگاہی کے لیے سنیچر کو جاری کردہ سفری ہدایت نامے میں کہا ہے کہ ‘سکیورٹی کی صورتحال کسی انتباہ کے بغیر مزید مخدوش ہو سکتی ہے۔’ٹریول ایڈوائزری میں مزید کہا گیا ہے کہ ‘اگر مسلح تصادم شدّت اختیار کرتا ہے تو یہ کمرشل ذرائع سے آپ کی روانگی کو متاثر کر سکتا ہے۔ اس کے نتیجے میں فضائی حدود کی بندش اور پروازوں کی منسوخی سمیت سفری رکاوٹیں پیدا ہو سکتی ہیں۔’حماس اور حزب اللہ کے سینیئر رہنماؤں کی ہلاکت کے بعد خطے میں وسیع پیمانے پر تنازع کے سر اُٹھانے کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔فضائی کمپنیاں ایرانی اور لبنانی فضائی حدود سے گریز کر رہی ہیں اور اسرائیل اور لبنان کے لیے اپنی پروازیں منسوخ کر رہی ہیں۔سنگاپور ایئرلائنز نے بتایا کہ اس نے جمعے کی صبح سے ایرانی فضائی حدود سے پروازیں بند کر دی ہیں اور متبادل راستے استعمال کر رہی ہے۔ایئرلائنز کا کہنا ہے کہ حفاظت اس کی اولین ترجیح ہے۔پروازوں کے خطرات سے متعلق معلومات سے آگاہ کرنے والی تنظیم اوپس گروپ نے ایک بلیٹن میں ایشیا اور یورپ کے درمیان ٹریفک کو ایرانی اور عراقی فضائی حدود سے بچنے کا مشورہ دیا۔اپریل میں ایران اور اسرائیل کے درمیان دو طرفہ میزائل اور ڈرون حملوں کے بعد سے امریکی اور یورپی ایئر لائنز سمیت بہت سی ایئر لائنز ایران کی فضائی حدود کے استعمال سے گریز کر رہی ہیں۔