تاثیر ۱۰ اگست ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
ممبئی،10 اگست:فلم’دل چاہتا ہے‘ اپنی 23 ویں سالگرہ منا رہی ہے اور ہم ہندوستانی سنیما کوایک طرح سے نئی سمت دینے والی اس فلم کو یاد کرتے ہیں۔ فرحان اختر کی ہدایت کاری اور ایکسل انٹرٹینمنٹ کے بینر تلے تیار ہونے والی یہ کلاسک فلم دوستی اور شہر کی جدید زندگی کی ایک طرح سے منظر کشی کرتی ہے۔
اس سنگ میل کا جشن منانے کے لیے ایکسیل انٹرٹینمنٹ کے آفیشل سوشل میڈیا اکاونٹ پر ایک پْرجوش پوسٹ شیئر کی گئی ہے، جس میں اس کے ناظرین پر فلم کے دیرپا اثرات کا احترام کیا گیا ہے۔
2001 میں ریلیز ہونے والی ‘دل چاہتا ہے’ میں عامر خان، سیف علی خان، اکشے کھنہ،ڈمپل کپاڑیہ اور پریتی زنٹا جیسی باصلاحیت کاسٹ تھیں۔ فلم نے ہمیں آکاش، سمیر اور سدھارتھ سے متعارف کرایا، جو 2000 کی دہائی کے اوائل کے ایسے کردار تھے جنہوں نے فلم کے ذریعے اس وقت کے نوجوانوں کی امیدوں، خوابوں اور جدوجہد کی عکاسی کی۔
اپنی اختراعی کہانی، اسمارٹ ڈائیلاگز اور شنکر-احسان لوئے کی یادگار موسیقی کے ساتھ، فلم جلد ہی ایک کلچرل ہٹ بن گئی، جس نے ملک بھر میں لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کیا۔ محبت، دوستی اور خود دریافت کی اس کی تصویر کشی 23 سال بعد بھی آج بھی معنویت رکھتی ہے، جو اسے ایک لازوال کلاسک بناتی ہے۔
اس فلم کے ساتھ،ایکسیل انٹرٹینمنٹ نے بالی ووڈ میں کہانیوں کوکہنے کے انداز کو بدل دیا اور مستقبل کی فلموں کے لیے ایک اعلیٰ معیار قائم کیا۔ گزشتہ 20 سالوں میں ایکسل نے بہت سی فلمیں بنائی ہیں، جنہیں ناقدین اور سامعین دونوں نے بے حد سراہا ہے۔ دل کو چھو دینے والی ‘زندگی نہ ملے گی دوبارہ’ سے لے کر ’گلی بوائے‘ تک، ایکسل انٹرٹینمنٹ نے مسلسل ہندوستانی سنیما کی حدود کو آگے بڑھایا ہے۔ ان کی دیگر فلموں جیسے ’ڈان 2‘ اور’گولڈ‘ نے بھی باکس آفس پر دھوم مچا ئی ہے اور عالمی سطح پر 100 کروڑ روپے سے زیادہ کی کمائی کی ہے۔
جیسا کہ ہم دل چاہتا ہے کے 23 سال پورے ہونے کا جشن منا رہے ہیں، ایک ایسا سفر جو یادگار کہانیوں، ناقابل فراموش کرداروں اور عظیم فلم میکنگ کے مضبوط عزم سے بھرا ہوا ہے۔