لوگوں نے سادھو کا بھیس بدل کر لوٹ مار کرنے والے چار نوجوانوں کی پٹائی کی

تاثیر  ۱۰   اگست ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

لکھنؤ، 10 اگست:راجدھانی لکھنؤ کے گوسائی گنج علاقے میں سادھو کا بھیس بدل کر ڈکیتی کی واردات کرنے والے چار نوجوانوں کو مقامی لوگوں نے پکڑ کر پیٹ دیا۔ مار پیٹ کی ویڈیو جمعہ کے روز سوشل میڈیا پر عام ہوگئی۔ پولیس نے ان چاروں نوجوانوں کو حراست میں لے کر مزید کارروائی شروع کر دی ہے۔
گوسائی گنج کے مہوراکلا گنگاکھیڑا گاوں کے دیہی باشندوں نے سادھو کا بھیس بدل کر علاقے کے لوگوں کو ہپناٹائز کرکے ان سے دھوکہ دہی ، ٹھگی اور لوٹ مار کرنے والے چار لوگوں کو پکڑ لیا۔ مقامی لوگوں نے ان لوگوں سے پوچھ گچھ کی اور پھر صحیح جواب نہ ملنے پر ان کی پٹائی کر دی۔ مار پیٹ کے بعد چاروں نوجوانوں کو پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔
تھانہ انچارج برجیش کمار ترپاٹھی نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ یہ چار نوجوان آکاش، اکشے، راکیش اور امت ضلع میرٹھ کے رہنے والے ہیں۔ ان لوگوں سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔