تاثیر ۱۲ اگست ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
شیلانگ، 12 اگست: میگھالیہ کے وزیر اعلیٰ کونراڈ کے سنگما نے پیر کو نئی دہلی میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے ملاقات کی۔ میٹنگ کے دوران وزیراعلیٰ نے شمال مشرقی ریاستوں پر بنگلہ دیش میں موجودہ بحرانی صورتحال کے اثرات پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا۔ میگھالیہ کے نائب وزیر اعلیٰ پریسٹن ٹنسانگ بھی اس ملاقات کے دوران وزیر اعلیٰ کے ساتھ تھے۔ وزیر داخلہ کے ساتھ اس ملاقات میں سرحدی علاقوں میں رہنے والے لوگوں میں پھیلے خوف پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
بعد میں وزیر اعلیٰ سنگما نے سوشل میڈیا کے ذریعے کہا، “وزیر داخلہ نے بنگلہ دیش کی صورت حال اور شمال مشرق کے سرحدی علاقوں میں اس کے اثرات کا جائزہ لیا۔ میٹنگ کے دوران ہمارے لوگوں کے خدشات اور مشکلات کا اظہار کیا گیا۔” وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وزیر داخلہ نے شہریوں سے امن اور ہم آہنگی برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے۔
ڈھاکہ کے انڈین کلچرل سنٹر میں مشہور خاصی مجاہدآزادی یو تروت سنگ سیئم کے مجسمے کی توڑ پھوڑ کے بعد میگھالیہ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے بارے میں وزیر داخلہ کے ساتھ بات چیت کی گئی۔ اس واقعہ کی وجہ سے میگھالیہ میں غم و غصہ ہے۔ اس غم و غصے کے باعث سرحد پر کاروباری سرگرمیاں فوری طور پر روک دی گئی ہیں۔
وزیراعلیٰ سنگما نے بنگلہ دیش کی عبوری حکومت سے امن بحال کرنے کی اپیل کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ‘بنگلہ دیش کی صورتحال بنگلہ دیش کے لوگوں کا اندرونی معاملہ ہے لیکن ہم چاہتے ہیں کہ عبوری حکومت اس معاملے کو کنٹرول کرے اور جان و مال کے نقصان سے بچا جائے’۔