تاثیر ۱۰ اگست ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 10 اگست: وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کے روز کیرالہ حکومت کو راحتی کوششوں میں ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری دعائیں وائناڈ میں لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ لوگوں کے ساتھ ہیں۔ اس سے پہلے انہوں نے کیرالہ میں لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ وائناڈ کا دورہ کیا اور آفت سے متاثرہ لوگوں سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ جب سے مجھے اس واقعہ کا علم ہوا ہے میں لینڈ سلائیڈنگ کے بارے میں معلومات لے رہا ہوں۔ مرکزی حکومت کے تمام ادارے جو اس آفت میں مدد کر سکتے تھے فوراً کام پر لگ گئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تباہی عام نہیں ہے۔ ہزاروں خاندانوں کے خواب چکنا چور ہو گئے۔ وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے خود جائے حادثہ کا دورہ کیا اور صورتحال دیکھی۔ ریلیف کیمپوں میں متاثرین سے ملاقات کی۔ میں نے اسپتال میں زخمی مریضوں سے بھی ملاقات کی۔