پیرس اولمپکس : جیولن تھرو میں نیرج چوپڑا نے چاندی کا تمغہ جیتا، پاکستان کے کھاتے میں گولڈ

تاثیر  ۹   اگست ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

پیرس، 9 اگست:پیرس اولمپکس 2024 میں جیولین میں ہندوستانی تھروور نیرج چوپڑا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چاندی کا تمغہ جیتا۔ انہوں نے 89.45 میٹر کی تھرو پھینکی۔ وہیں پاکستان کے ارشد ندیم نے 92.97 میٹر کی تھرو پھینک کر اولمپک ریکارڈ بنایا اور گولڈ میڈل جیت لیا۔ جبکہ گریناڈا کے اینڈرسن پیٹرز نے 88.54 میٹر کی تھرو پھینک کر کانسے کا تمغہ جیتا۔
نیرج چوپڑا کی پہلی کوشش فاول ہوگئی تھی۔ حالانکہ دوسری کوشش میں نیرج چوپڑا نے 89.45 میٹر کی دوری پر جیولن پھینک کر سلور میڈل کی پوزیشن حاصل کی۔ اس کے بعد نیرج کی باقی کوششیں فاول رہیں۔ ایسے میں نیرج نے صرف ایک کامیاب تھرو کے ذریعے دوسرا مقام حاصل کیا۔ یہ ان کا سیزن کا بہترین تھرو ہے۔ اس سے پہلے ان کا بہترین تھرو اولمپکس کے لیے کوالیفکیشن میں آیا تھا، جہاں انہوں نے 89.34 میٹر کا فاصلہ طے کیا تھا۔
پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم نے نیا اولمپک ریکارڈ بناتے ہوئے دوسرے میں ہی 92.97 میٹر کا تھرو لگایا۔ انہوں نے 91.79 میٹر کا چھٹا اور آخری تھرو کیا۔ اس طرح ندیم نے ملک کے انفرادی ایونٹ میں ایک اور گولڈ میڈل جیت لیا۔ 1992 کے بارسلونا اولمپکس کے بعد یہ پاکستان کا پہلا اولمپک تمغہ ہے۔