تاثیر ۱۰ اگست ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
واشنگٹن، 10 اگست:سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا، طیارے نے ریاست مونٹانا میں ایمرجنسی لینڈنگ کی۔امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے طیارے نے میکینیکل خرابی کی وجہ سے غیر متوقع لینڈنگ کی، سیکرٹ سروس کا کہنا تھا کہ طیارے میں میکنیکل فالٹ کی وجہ سے ہنگامی لینڈنگ کرنی پڑی، سیکیورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹ کے مطابق بلنگز لوگن انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے انتظامی معاون جینی موکل نے بتایا کہ ٹرمپ کا طیارہ مونٹانا کے شہر بوزمین جا رہا تھا، تاہم مشرق میں 142 میل دور اسے بلنگز کی طرف موڑنا پڑا، انھوں نے کہا کہ سابق صدر پرائیویٹ جیٹ کے ذریعے بوزمین جا رہے تھے۔ہنگامی لینڈنگ کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ دوسرے طیارے سے بوزمین میں ریلی کے مقام پر پہنچے، امریکی میڈیا کے مطابق طیارے نے ہائیڈرولک لیک کے باعث ایمرجنسی لینڈنگ کی تھی۔یہ اس ہفتے ٹرمپ کی پہلی ریلی تھی، ان کا ساتھی سینیٹر جے ڈی وانس، اور ان کے مخالفین نائب صدر کملا ہیرس اور ٹِم والز صدارتی الیکشن کے لیے اہم ترین ریاستوں میں اپنا اپنا زور آزما رہے ہیں، خیال رہے کہ ابھی ایک ماہ سے بھی کم عرصہ قبل ٹرمپ کو پنسلوینیا میں ان کی ریلی کے دوران حملہ کیا گیا تھا۔ڈونلڈ ٹرمپ نے 2018 میں مونٹانا کے بگ اسکائی کنٹری میں بہت کوشش کی تھی کہ ڈیموکریٹک سین جون ٹیسٹر سے ان کی سیٹ چھین لیں، لیکن وہ اپنے مقصد میں کامیاب نہیں ہو سکے تھے، اس بار وہ اسی عزم کے ساتھ پھر مونٹانا میں انتخابی مہم چلانے پہنچے تھے۔