تاثیر ۴ اگست ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
وائناڈ، 4/ اگست :کیرالہ کے وائناڈ ضلع میں ہفتہ کو لینڈسلائیڈنگ سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 357 ہو گئی۔غیر مصدقہ رپورٹ کے مطابق مرنے والوں میں 30 بچے بھی شامل ہیں۔ 309 افراد مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں جب کہ 206 افراد تاحال لاپتہ بھی ہیں۔اطلاعات کے مطابق جائے حادثہ سے 40 کلومیٹر دور منڈکئی میں آج 18 لاشیں برآمد کی گئیں۔ جن میں سے چلیار ندی سے 12 لاشیں برآمد ہوئیں۔وائناڈ میں خیمہ زن ریاستی کابینہ کی ذیلی کمیٹی کے رکن پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ (پی ڈبلیو ڈی) کے وزیر پی اے محمد ریاض نے جائزہ میٹنگ کے بعد صحافیوں کو بتایا کہ لینڈ سلائیڈنگ میں سرکاری طور پر مرنے والوں کی تعداد 219 ہے، جن میں 98 مرد، 90 خواتین اور 31 بچے بھی شامل ہیں جبکہ 67 لاشوں کی شناخت نہیں ہو سکی۔ ضلع انتظامیہ کی جانب سے میپاڈی اور آس پاس کے علاقوں میں قائم 93 ریلیف کیمپوں میں 10042 لوگ ڈیرہ ڈالے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج چار لاشیں برآمد کی گئیں۔ ندی سے کئی انسانی اعضاء برآمد ہوئے ہیں جنہیں ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے مردہ خانے میں رکھا گیا ہے۔ تلاش اور بچاؤ کی کارروائیاں 40 ارکان پر مشتمل چھ ٹیموں نے چھ علاقوں بشمول منڈکئی، چورامالا، پنچریماٹا (??لینڈ سلائیڈنگ کا مرکز) اور ملاپورم ضلع میں چلیار ندی میں کی گئیں۔تلاشی آپریشن اتوار کو بھی جاری رہے گا جس میں فوج، علاقائی فوج، ڈی ایس سی، این ڈی آر ایف، فضائیہ، بحریہ، کوسٹ گارڈ فائر فورس، جنگلات، تمل ناڈو اور کیرالہ پولیس ٹیموں، سونگھنے والے کتوں اور شہری دفاع کے رضاکاروں سمیت 1,419 اہلکاروں کی مدد سے جاری رہے گا۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ لینڈ سلائیڈنگ کے علاقے میں ویڈیو یا تصاویر لینے کے لیے نہ جائیں۔ تھرمل اسکینر اور ڈرون کی مدد سے تمام جگہوں پر ارتھ ریموور (جے سی بی) کا استعمال کرتے ہوئے ملبہ ہٹایا گیا۔ریاض نے کہا کہ ڈرون کی بنیاد پر ریڈار اور اسنیفر کتوں کے ساتھ سرچ آپریشن آنے والے دنوں میں جاری رہے گا۔