ہیرنی عسّر میں سرچ آپریشن کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود برآمد

تاثیر  ۱۴   اگست ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

جموں, 14 اگست:جموں و کشمیر کے ضلع ڈوڈہ کے عسّر ہیرنی ٹاپ علاقے سے سیکورٹی فورسز نے ایک اہم کارروائی کے دوران ایم 4 رائفل اور گولہ بارود کی ایک بڑی مقدار برآمد کی ہے۔ یہ آپریشن منگل کی شام سیکورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان مختصر فائرنگ کے تبادلے کے بعد شروع کیا گیا۔ڈوڈہ کے گنجان جنگلات ہیرنی عسّر میں دہشت گردوں کی موجودگی کے شبہ پر مشترکہ فورسز کی جانب سے ایک بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کیا گیا ہے۔ دہشت گردوں کی تلاش جاری ہے،دہشت گردوں کو ختم کرنے کے لیے مزید فورسز کو علاقے میں تعینات کر دیا گیا ہے۔اس انسداد دہشت گردی آپریشن میں خصوصی فورسز بھی شامل ہیں جو آپریشن کو آگے بڑھا رہی ہیں۔ ایم 4 رائفل اور گولہ بارود کی برآمدگی کو اس علاقے میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک بڑی کامیابی سمجھا جا رہا ہے۔سیکورٹی فورسز علاقے کے لوگوں کی حفاظت اور سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے دہشت گردوں کو ہر صورت میں ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ ابتدائی فائرنگ کے نتیجے میں فوج کے ایک افسر سمیت متعدد جوان زخمی ہوئے ہیں۔تاہم پولیس یا فوج کے کسی افسر نے اس کی تصدیق نہیں کی ہے۔