تاثیر ۲۴ ستمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی ، ۲۴؍ستمبر: ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2007 کو کوئی کیسے بھول سکتا ہے کیونکہ اسی سال سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا آغاز ہوا تھا اور پہلے ورلڈ کپ کا فائنل میچ بھارت بمقابلہ پاکستان کے درمیان 24 ستمبر کو ہی کھیلا گیا تھا۔ جس میں بھارت نے پاکستان کو شکست دے کر تاریخ رقم کی تھی۔ٹھیک 17 سال قبل آج ہی کے دن یعنی 24 ستمبر 2007 کو ایم ایس دھونی کی قیادت میں ہندوستانی کرکٹ ٹیم نے جوہانسبرگ میں فائنل میں پاکستان کو شکست دے کر تاریخ رقم کی۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا یہ فائنل میچ بہت ہی سنسنی خیز رہا۔اس سنسنی خیز فائنل میں مین ان بلیو نے پاکستان کو پانچ رنز سے شکست دے کر کامیابی حاصل کی۔ آل راؤنڈر عرفان پٹھان کو اس میچ میں تین وکٹوں کی شاندار کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی منتخب کیا گیا۔اس میچ کے اسکور کی بات کریں تو گمبھیر اور روہت شرما کی شاندار اننگز کی بدولت بھارت نے 20 اوورز میں 157 رنز بنائے تھے۔ گمبھیر نے اس میچ میں 54 گیندوں میں 75 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔اس کے علاوہ روہت نے 16 گیندوں میں 30 رنز بنا کر ٹیم کو قابل احترام ہدف تک پہنچانے میں مدد کی تھی۔158 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے پاکستان کی حالت شروع میں ہی خراب تھی۔ آر پی سنگھ نے پہلی 2 وکٹیں لے کر پاکستان کو مشکل میں ڈال دیا۔