ایکٹ بھیونڈی کے سالانہ جلسہ میں پرنسپل محمد شبیر فاروقی کو لائف ٹائم اچیومینٹ ایوارڈ سے نوازا گیا۔

تاثیر  ۸  ستمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

ممبئی،8 ستمبر: ایکٹ بھیونڈی شہر کا ایک معروف سماجی، تعلیمی اور ڈرامہ سے منسلک ادارہ ہے جو گذشتہ ۳۵ برسوں سے اسٹیج، اداکاری اورڈرامہ کے ساتھ ساتھ تعلیمی وسماجی شعبوں میں فروغ کے لئے کوشاں ہے۔ معروف ڈرامہ اداکار، ہدایت کار اور مصنف عرفان برڈی کی صدارت و رہنمائی میں ایکٹ بھیونڈی ہر سال مختلف تعلیمی پروگراموں اور ڈرامہ مقابلوں کا انعقاد بلاناغہ کرتا آیا ہے۔ ایکٹ اپنے جلسوں میں شہر و اطراف میں ڈرامہ، اسٹیج، طب، تعلیم اور سماجی خدمات کے لئے قابل ذکر کارکردگی انجام دینیوالی شخصیات کو لائف ٹائم اچیومینٹ ایوارڈ سے نوازتا آیا ہے۔ امسال بروز اتوار بتاریخ ۸ستمبر۴ ۲۰۲؁کو ایکٹ کا سالانہ پروگرام جی ایم مومن ویمنس کالج آڈیٹوریم میں منعقد ہوا جس میں بھیونڈی شہر کی پانچ اہم شخصیات کو لائف ٹائم اچیومینٹ ایوارڈ سے سرفراز کیا گیا انہی میں سے ایک رفیع الدین فقیہ بوائز ہائی اسکول کے سربراہ پرنسپل محمد شبیر فاروقی بھی ہیں۔ اس ایوارڈ سے قبل بھی موصوف کو متعدد مرتبہ مختلف سرکاری و غیر سرکاری تنظیموں اور اداروں کی جانب سے انعامات و اعزازت سے نوازا جاچکا ہے۔پرنسپل محمد شبیر فاروقی گزشتہ۳۰برسوں سے تعلیم و تدریس سے منسلک ہیں اور ۱۵برسوں سے کے ایم ای سوسائٹی کے زیر انتظام لڑکوں کی تعلیم کے معروف ادارے رفیع الدین فقیہ بوائز ہائی اسکول میں ہیڈماسٹر کی حیثیت سے اپنے انتظامی فرائض انجام دے رہے ہیں۔اس دوران آپ نے اپنی ٹیم کے ھمراہ خصوصا” لڑکوں کی تعلیم کے ساتھ ان کی اخلاقی تربیت کے لئے، ان نشہ اور بری عادتوں اور لتوں سے باز رہنے اور ان کے ڈراپ آوٹس کو روکنے کے لئے سیکڑوں پروجیکٹ پر کام کیا ہے جس کے حوصلہ افزا نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ ایکٹ کی جانب سے اس لائف ٹائم اچیومینٹ ایوارڈ پر شبیر فاروقی سر نے عرفان برڈی کا، ان کے ادارے کا، بھیونڈی شہر کے علم دوست شہریوں اور اپنی ٹیم اور انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ اس بڑے ایوارڈ کے حصول پر شبیر فاروقی سر کو ان کے طلبہ و طالبات،ساتھی اساتذہ اور انتظامیہ نے بھی مبارکباد و نیک خواہشات پیش کی۔(ظفرعالم خان جامعی، شعبہ ئنشر واشاعت، رفیع الدین فقیہ بوائز ہائی اسکول، قریش نگر، اردو روڈ، نظامپورہ، بھیونڈی – ضلع تھانہ)