جانوروں کے مبینہ اسمگلروں کوایک انکاونٹر کے بعد گرفتارکرنے کا اتر پردیش پولیس کا دعویٰ

تاثیر  01  ستمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

جونپور، یکم ستمبر:شاہ گنج کوتوالی پولیس اسٹیشن کے تحت سرپتاہن، شاہ گنج اور کھٹہان پولیس اسٹیشنوں کی مشترکہ پولیس ٹیم نے سنیچر کی دیر رات ایک تصادم کے دوران جانوروں کے تین اسمگلروں کو گرفتار کیا ہے۔ اس مقابلے کے دوران تین اسمگلروں کو ان کے پیروں میں گولیاں لگی تھیں۔ پولیس نے ان کے پاس سے ایک پستول، چار مویشی اور ایک پک اپ گاڑی برآمد کی ہے۔ زخمیوں کو علاج کے لئے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ اتوار کو اس سلسلے میں جانکاری دیتے ہوئے پولسی کے سرکل آفیسر شاہ گنج اجیت سنگھ چوہان نے بتایا کہ کل رات سرپٹاہن تھانہ انچارج اروند کمار سنگھ پولس ٹیم کے ساتھ سرپٹاہن موڑ پر گاڑیوں کی جانچ کررہے تھے۔ مخبر سے اطلاع ملی کہ مویشیوں سے لدی ایک پک اپ سوراپور سے آرہی ہے۔ اس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے رکاوٹیں کھڑی کرکے چیکنگ شروع کردی۔ پولیس نے پک اپ کو رکنے کا اشارہ کیا تو ڈرائیور نے بھاگنے کی کوشش کی اور فائرنگ کردی۔ پولیس کی طرف سے جوابی کارروائی کی گئی۔ اسکے بعد شاہ گنج اور کھٹہان پولیس نے انہیں گھیر لیا۔ پولیس نے جیسے ہی انہیں گھیر لیا، بدمعاشوں نے فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس نے بھی اپنے دفاع میں فائرنگ کی۔ پولیس فائرنگ میں اسمگلروں کے پیر میں گولی لگی۔ گرفتار اسمگلروں سے تین دیسی ساختہ پستول، کارتوس، ایک پک اپ گاڑی، چار گائے اور ایک ہزار روپئے برآمد ہوا ہے۔ گرفتار ملزمان میں شہاب الدین ولد نظام الدین ساکن تھانہ کھیتسارا جونپور، محمد ارشد ولد محمد ساکن مجدیہا تھانہ شاہ گنج، گووند کمار ولد مرحوم راجیندر پرساد ساکن بارونہ شاہ گنج جونپور شامل ہیں۔