تاثیر ۱۰ ستمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
سیئول،10ستمبر:شمالی کوریا کے سربراہ کم یونگ اْن کا کہنا ہے کہ ان کا ملک جوہری قوت کی تعمیر کے لیے ایک پالیسی پر عمل پیرا ہے تا کہ جوہری ہتھیاروں کی تعداد میں بڑا اضافہ کیا جا سکے۔کوریا کی مرکزی خبر رساں ایجنسی کے مطابق کِم نے یہ بات پیر کی شب شمالی کوریا کی تاسیس کی سالانہ یادگاری تقریب سے خطاب میں کہی۔ کِم کے مطابق ان کے ملک کو اپنی جوہری صلاحیتوں کو بڑھانا چاہیے اور ان کے استعمال کی تیاری کرنا چاہیے تا کہ ریاست کے سیکورٹی حقوق کی ضمانت دی جا سکے۔خبر رساں ایجنسی کے مطابق کِم نے واضح کیا کہ امریکا اور اس کے چیلوں کی صورت میں موجود مختلف خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے مضبوط فوجی وجود کی ضرورت ہے۔ادھر جنوبی کوریا کی وزارت دفاع آج منگل کے روز جزیرہ نما کوریا میں اقوام متحدہ کی قیادت میں شامل رکن ممالک کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کرے گی۔